کراچی ،تیسرے روز بھی عوام کی بڑی تعداد نے گورنرہائوس دیکھنے آئے ،تاریخی عمارت میں رکھی ہوئی بابائے قوم کی زیر استعمال اشیاء کو دیکھا

اتوار 9 ستمبر 2018 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2018ء) وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھولے جانے کے تیسرے دن بھی لوگوں کی بہت بڑی تعدادنے گورنر ہاؤس کی تاریخی عمارت اور اس میں رکھی ہوئی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی زیر استعمال اشیاء کو دیکھا اور خوشگوار مسرت کا اظہار کیا ،اتوار کو چھٹی ہونے کے باعث بچوں اور خواتین نے بھی ایک بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنرہائوس آنے والوں کا کہنا تھا کہ اس تاریخی عمارت میں اندر آنے کی اجازت ملنے پرہم گورنر سندھ کے بہت مشکور ہیں، گورنرسندھ کے فیصلہ پر لوگوں نے اپنی مسرت کا اظہار بھی کیا،خواتین کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی قابل تحسین فیصلہ ہے،اس سے عوام با الخصوص بچوں کو اس عمارت اور قائد کی زندگی کے بارے میں بہت کچھ جاننے کو ملے گا،وزیر اعظم کی ہدایت پر گورنر سندھ کے اس فیصلہ کو عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے۔واضح رہے کہ گورنرسندھ کی ہدایت پر گورنرہائوس کے دیگر حصوں کے لئے گائیڈڈ ٹورز بھی جلد شروع کئے جائیں گے ۔#