حیدرآباد ، وردی کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے لیکن پاکستان میں جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں،شاہ محمد شاہ

پی ٹی آئی کی حکومت آتے ہی گیس کی قیمت میں 40فیصد اضافہ کردیا ،جھرلو انتخابات کو پاکستان کی تمام جماعتیں مسترد کرچکی ہیں،صدر مسلم لیگ ن سندھ

اتوار 9 ستمبر 2018 20:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے سندھ کی تمام تنظیمی باڈیز تحلیل کرکے ایک ایڈوائزری کونسل بنادی ہے جو پورے سندھ میں از سر نو پارٹی کی تنظیم سازی کرے گی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف جلد ہی سندھ کا دورہ کریں گے۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمد شاہ نے کہا کہ وردی کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے لیکن پاکستان میں جمہوریت کی راہ میں روڑے اکٹکائے جارہے ہیں۔

چوں چوں کا مربع بناکر ملک میں حکومت بنائی گئی ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت آتے ہی گیس کی قیمت میں 40فیصد اضافہ کردیا ہے۔ مسلم لیگ کی حکومت نے بجلی کی سبسڈی دے کر اس کی قیمت 3ر وپے کم کی تھی لیکن اس حکومت نے آکر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5روپے اضافہ کردیا ہے، اسی طرح کھاد کی بوری پر800 روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کا مقصد جہانگیر ترین کو امیرترین بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس جھرلو انتخابات کو پاکستان کی تمام جماعتیں مسترد کرچکی ہیں ، مسلم لیگ نے احتجاجا ہاوس میں بیٹھنا پسند کیا ، تمام پارٹیوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمانی کمیشن بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران جس طرح خلائی مخلوق نے مسلم لیگ میں توڑ پھوڑ کی ، ہمارے رہنمائوں کو اٹھاکر مخالف جماعتوں میں شامل کروایا ، یوٹرن خان کو وزیراعظم بنایا گیا ہے جو چند ہی دنوں میں ناکام ہوں گے۔