Live Updates

شہباز شریف پانی کے مسئلے کو سیاست کی نذر مت کریں،ڈیم بنانے کے لیے ڈونیشن لینا غلط نہیں ہے، صاحبزادہ حامد رضا

اتوار 9 ستمبر 2018 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ شہباز شریف پانی کے مسئلے کو سیاست کی نذر مت کریں۔ڈیم بنانے کے لیے ڈونیشن لینا غلط نہیں ہے۔ پانی جیسے حساس معاملے پر سب جماعتیں ون پوائنٹ ایجنڈے پر متحد ہوں۔ کرپشن کے خاتمے سے ہی ملک و قوم کا مقدر سنورنے گا۔ عمران خان پیغمبر اعظم اور قائداعظم کو اپنا آئیڈیل بنائے۔

نو منتخب صدر مملکت اپنے غیر جانبدارانہ کردار کے ذریعے خود کو ہر پارٹی کے لئے قابل قبول بنائیں۔ قوم کرپٹ مافیا کے خلاف جہاد میں حکومت کے ساتھ ہے۔ سیاسی بھل صفائی وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلباء اسلام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت محمد اکرم رضوی کررہے تھے۔

صاحبزاد ہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپٹ مافیا تبدیلی اور احتساب کے عمل کو روکنے کے لئے منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ اپوزیشن مخالفت برائے مخالفت کا رویہ اختیار نہ کرے۔ پاک فوج سول حکومت کی حریف نہیں حلیف ہے۔ غربت سے جنگ لڑنے کے لئے قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔سابقہ حکومت نے ملکی ادارے تباہ کئے اور ملک کو بادشاہت کی طرز پر چلایا۔ اب تباہ حال ملک کی تعمیر نو کا وقت آ گیا ہے۔ پاک فوج اور عوام کا پیار بھرا رشتہ ختم نہیں کیا جا سکتا۔ پاک وطن پر جان نچھاور کرنے والا ہر شہید قوم کی آنکھ کا تارا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات