مجھے بچپن ہی سے فوج میں جانے کا شوق تھا جس کیلئے دومرتبہ کمیشن کیلئے گیا اور دونوں ہی دفعہ مجھے مستردکر دیا گیا ، توقیر ناصر

جب فوج میں جانے میں ناکامی ہوئی تو اداکار بن گیا

اتوار 9 ستمبر 2018 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2018ء) لاہور پریس کلب کی سپیشل ایونٹ کمیٹی کے زیر اہتمام سابق ڈی جی نیشنل کونسل آف دی آرٹس اسلام آباد موجودہ چیئر مین لاہور آرٹس کونسل (الحمرا)اور لیجنڈ اداکارتوقیر ناصر کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا اہتما م کیا گیا۔ تقریب میں توقیر ناصر کے علاوہ پی ٹی وی کے سابق پروڈیوسر عارف وقار ،راشد محمود ،ڈاکٹر اکرام الحق،کامران مجاہد،جو جی علی خان ،دانش کچھی،نگار چوہدری،موسیٰ خان،نو ر حسن رانا، سیکرٹری پر یس کلب عبدالمجید ساجد ،سینئر صحافی تاثیر مصطفی، اقبال قریشی،مروا عنصر ،محمد یامین صدیقی، نوین علی، انور عباس انور، علی جعفری، عبدالطیف پیامی،سہیل سلہری،فاورق شہزاد،نعمان وہاب سمیت کثیر تعداد نے شر کت کی ۔

اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے توقیر ناصرنے کہا کہ مجھے بچپن ہی سے فوج میں جانے کا شوق تھا جس کیلئے دومرتبہ کمیشن کیلئے گیا اور دونوں ہی دفعہ مجھے مستردکر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

جب فوج میں جانے میں ناکامی ہوئی تو اداکار بن گیا اور آج میں یہ کہوں کہ میں بحثیت اداکار بھی پاکستا نی ثقافتی فوج کا حصہ بن کر دشمن ملکوں میں پاکستان کا ڈنکا بجانے میں کامیاب رہا تو غلط نہیں بھارتی فنکار برملہ اظہار کر چکے کہ وہ توقیر ناصر کے مداح ہیں ،تویہ میرے ملک کا عزاز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے جرنلزم کیا ہے اس سے قبل انہوںنے بی اے تک تعلیم مظفر گڑھ سے حاصل کی ۔ انہوں نے بحثیت ڈی جی نیشنل کونسل آف دی آرٹس جب سابق آرمی چیف محمد اشفاق کیانی کواپنے ادارے میں آمد پر خوش آمدید کہا تو انہوں نے کہا کہ میں تو بچپن سے آپ کا مداح ہوں جس پر میں صرف ہنس کر ہی رہ گیا کیونکہ ہم فنکاروں کوہمیشہ یہ مسئلہ رہا ہے کہ ہم سے عمر میں بڑے بھی ہمیں یہی کہہ دیتے ہیں کہ میں بچپن سے آپ کو دیکھ رہا ہوں۔

سابق سینئر ٹی وی پروڈیوسر عارف وقار نے توقیر ناصر کے بارے میں کہا کہ" پرواز" پی ٹی وی لاہور کا آخری بلیک اینڈ وائٹ ڈرامہ سریل تھا جس میں توقیر ناصر کی خدادادا صلاحیتوں کو پہچان کر انہیںچھوٹے موٹے کردار کی بجائے مرکزی کردار کیلئے منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ، اللہ تعالیٰ نے میری اور توقیر ناصرکی لاج رکھ لی کہ ڈرامہ سپر ہٹ ہوا۔اور پھر توقیر ناصر بلندیوں کی طرف پرواز ہی کرتے رہے۔

اور کبھی نیچے کی طرف نہیں آئے ۔توقیر ناصر صبح ٹی وی سنٹر آتے اوررات گئے تک وہاں رہتے، انہوں نے اداکاری کو اوڑھنا بچھونا بنایا،نئی نسل کے پاس کچھ سیکھنے کا وقت نہیںاس لیے انکے کا م کی شناخت نہیں ہو پاتی۔توقیر ناصر کے ساتھ طویل عرصہ سے مختلف کردار ادا کرنے والے فنکار ۔راشد محمود نے کہا کہ توقیر ناصر بطور انسان اورفنکا ر فطری اسلوب رکھتے ہیں ۔

وہ اداکاری میں مصنوعی کردار سے بہت دور ہیں۔یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہرقسم کے کردار فطری طور پر کرکے اپنی الگ پہچان بنائی بالخصوص" ینگ اینگری مین" کرداروں کے ذریعے نوجوانوں کی بھر پور نمائندگی کی انکے مسائل اور سوچ کو عوام تک پہنچایا جبکہ اس موقع پر توقیر ناصر کے کلاس فیلو ڈاکٹر اکرام الحق اور سینئر صحافی تاثیر مصطفی نے زمانہ طالب علمی کی یادوں کو تازہ کیا۔

سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد نے اس موقع پر توقیر ناصر کی لاہور پریس کلب آمدپرخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ الحمراء اور لاہور پریس کلب کے درمیان ایک معاہد طے پائے جس میں دونوں ادارے مل کرثقافتی سرگرمیوں کو بھر پورا نداز میں جاری رکھ سکیں۔ پروگرام کے آخرمیں معزز مہمان کو کلب کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔