Live Updates

(ن)لیگ کی پیپلزپارٹی کی طرح جزوی مزاحمتی پارٹی رہ گئی،ولید اقبال

ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف ملک گیر سطح پر کامیابی حاصل کرے گی، این اے 131 سے ایک بار پھر میدان ماریں گے،رہنما پی ٹی آئی

اتوار 9 ستمبر 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر اور این اے 131سے متوقع امیدوار ولید اقبال کا دعویٰ ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی پیپلز پارٹی کی طرح سیاست ختم اور اب جزوی مزاحمتی پارٹی رہ گئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت اگلے دو مہینوں میں سکوت توڑ دے گی، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف ملک گیر سطح پر کامیابی حاصل کرے گی، این اے 131 سے ایک بار پھر کامیابی حاصل کریں گے۔

ولید اقبال نے کہا کہ پارٹی کے سنیئر رہنما اور ورکرز بھرپور انتخابی مہم چلارہے ہیں، ڈور ٹو ڈور مہم میں ووٹرز نے زبردست حوصلہ افزائی کی اوراپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے، بعض لوگ ٹکٹ کے حصول کیلئے پراپیگنڈا مہم کا سہارا لئے ہوئے ہیں، لیکن پارٹی بالخصوص وزیراعظم عمران خان ٹکٹ کا فیصلہ میرٹ پر کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ولید اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اب ملک گیر پارٹی ہے اس لئے پارٹی ساری صورتحال کومدنظررکھ کرہی ٹکٹ کا فیصلہ کرے گی تاکہ ممکنہ جیت کو نقصان نہ پہنچے۔

ایک اورسوال کے جواب میں ولید اقبال نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کسی سیاسی جماعت کیخلا ف نہیں بلکہ اس نظام کیخلاف ہے جو ذاتی مفادات کیلئے رائج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے چند مہینے ملک میں لوٹ کھسوٹ کرنیوالوں کیلئے بہت بھاری ہیں، کیونکہ جس نے قوم کا پیسہ لوٹا، خزانے خالی کئے اور اپنی نسلوں کو سنوارا انہیں اس مقام پر پہنچنایا جائیگا جس کے وہ حق دار ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ولید اقبال نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے پہلے پانچ سال سٹے آرڈر پر گزارے، پھر حالیہ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان سے شکست کھائی اب پھر شکست ان کا مقدر بننے والی ہے کیونکہ عوام کو سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے ملک سے کونسے اندھیرے دور کیے اور کتنے ڈیم بنائے، حالانکہ شریف اینڈ کمپنی نے ملک کودیوالیہ کرنے کے مقام پر پہنچایا، یہ ساری چیزیں اب مسلم لیگ (ن)کے ہر امیدوار کیلئے مشکلات کا سبب بنیں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات