Live Updates

جھرلو الیکشن کے ذریعے یوٹرن خان کو وزیراعظم بنایا گیا ،جو ابتداء میں ہی اپنے دعوئوں اور وعدوں کے خلاف عوام پر بے تحاشہ مالی بوجھ ڈھا رہے ہیں، شاہ محمد شاہ

پیپلزپارٹی نے متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کے خلاف صدر اور وزیراعظم کے انتخابات میں خوف کی وجہ سے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا کیونکہ طوطا پنجرے میں بند ہے،متحدہ حزب اختلاف انتخابی دھاندلیوں کے خلاف پارلیمانی کمیشن کے قیام کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور دبائو ڈالے گی،چندے سے ملک نہیں چلے گا اس کیلئے اقتصادیات کو مستحکم کرنا ہو گا، پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 9 ستمبر 2018 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ جھرلو الیکشن کے ذریعے یوٹرن خان کو وزیراعظم بنایا گیا ہے جو ابتداء میں ہی اپنے دعوئوں اور وعدوں کے خلاف عوام پر بے تحاشہ مالی بوجھ ڈھا رہے ہیں، متحدہ حزب اختلاف انتخابی دھاندلیوں کے خلاف پارلیمانی کمیشن کے قیام کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور دبائو ڈالے گی، چندے سے ملک نہیں چلے گا اس کے لئے اقتصادیات کو مستحکم کرنا ہو گا، پیپلزپارٹی نے متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کے خلاف صدر اور وزیراعظم کے انتخابات میں خوف کی وجہ سے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا کیونکہ طوطا پنجرے میں بند ہے۔

وہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، ایم این اے کھئل داس کوہستانی، شاہ زمان شاہ، قمرالزماں راجپر اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر سید شاہ محمد شاہ نے سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی تمام تنظیمیں توڑنے اور نئے انتخابات کے لئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی سربراہی میں 25 رکنی مشاورتی کمیٹی کا اعلان کیا جس کے سیکریٹری سلیم ضیاء ایڈوکیٹ ہوں گے، شاہ محمد شاہ نے کہا کہ محرم کے بعد پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف سندھ سے چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دورے کا آغاز کریں گے اور جلد عوام کی قوت سے ایسی سازگار فضاء قائم ہو گی کہ مسلم لیگ کے قائد میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم صفدر عوام کے درمیان ہوں گے، انہوں نے کہا کہ انتخابی حلقہ بندیوں سے لے کر 25 جولائی کو شام 6 بجے سے شروع ہونے والی دھاندلی تک ہر مرحلے پر جھرلو چلایا گیا اور من مانے نتائج مرتب کئے گئے اسی لئے متحدہ اپوزیشن نے انتخابی نتائج کو یکسر مسترد کر دیا، ایم ایم اے اے این پی پختونخواہ ملی عوامی پارٹی پیپلزپارٹی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ جمہوریت کی خاطر جمہوری عمل میں شریک ہوا جائے گا لیکن ایوان کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ متحدہ حزب اختلاف جھرلو الیکشن کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم ہے اور اس کے لئے بھرپور جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف مقدمات بنا کر تیزی سے فیصلے کرنا، تاحیات نااہلی اور سزائیں ایک طے شدہ سازشی منصوبے کا حصہ تھے لیکن مسلم لیگ کے قائدین اور کارکن میدان سے بھاگنے والے نہیں میاں نوازشریف اپنی اہلیہ کو بسترمرگ پر چھوڑ کر وطن واپس آئے اور اپنی بیٹی مریم کے ساتھ گرفتاری پیش کی یہ ایک مثالی قدم ہے، بھڑکیں مارنا آسان ہے لیکن اس پر عمل کرنا مشکل ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور جمہوریت اور عوام کے مفادات کے لئے ان کے ہر حکم پر عمل کیا جائے گا، شاہ محمد شاہ نے کہا کہ خلائی مخلوق نے مسلم لیگ میں توڑپھوڑ کرکے اپنا بغل بچہ نام نہاد وزیراعظم بنایا ہے لیکن اس کی 20 روز کی کارکردگی نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ کی حکومت کی تبدیلی، سینٹ کے الیکشن میں کھلی مداخلت کے باوجود مسلم لیگ نوازشریف کی قیادت میں پوری طرح متحد رہی تو پھر 25 جولائی کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا پلان بنایا گیا، انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی جیسے بین الاقوامی شہر میں میرے گائوں بھانوٹ سے بھی خطرناک صورتحال تھی وردی والے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر نتائج تبدیل کرانے کے لئے کھڑے کئے گئے تھے جبکہ اس موقع پر میڈیا کی آزادی بھی سلب کر لی گئی تاکہ دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی کے بارے میں حقائق کو منظرعام پر آنے سے روکا جائے، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نتائج تبدیل کرنے کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے بھرپور کامیابی حاصل کی تو صوبہ پنجاب میں خصوصاً اور دیگر علاقوں میں بھی مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کو دھونس اور دھمکیوں سے وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا، یوٹرن خان جو کہتا تھا کہ میں کسی قیمت پر ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا لیکن انہیں اور ایم کیو ایم کو گلے ملایا گیا، انہوں نے کہا کہ یوٹرن خان کی 20 دن کی کارکردگی نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، بجلی فی یونٹ 5 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، ریلوے کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے، کھاد کی بوری پر 800 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے اس طرح عوام کو ریلیف دینے کے برعکس مزید اربوں روپے کا بوجھ بڑھا دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے وزیر بابر اعوان نے پارلیمنٹ کے فلور پر خود بتایا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار طلب کے مقابلے میں زیادہ ہے مگر پھر بھی ان دنوں بڑے پیمانے پر لوڈشیڈنگ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ کھاد کی قیمتوں میں اس لئے اضافہ کیا گیا ہے کہ جہانگیر ترین کی کئی کھاد فیکٹریاں ہیں وہ اس سے اربوں روپے کمائیں گے بلکہ انہیں مزید فائدہ پہنچانے کے لئے کم نرخوں پر گیس کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کو ممکن ہے جمائمہ کا باپ مانتا ہو لیکن ہم صرف قائداعظم کے پاکستان کے جانتے اور مانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ میں مشرف کی کابینہ کے بیشتر لوگ شامل ہیں جبکہ یہ خود بھی ایک دور میں پرویز مشرف کا لاڈلہ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ قوم سے مسلسل جھوٹا بولا جا رہا ہے امریکی وزیر خارجہ چند گھنٹے کے لئے پاکستان آئے اور ڈو مور کا حکومت کو لیکچر دے کر چلے گئے یہ سب گردن جھکا کر اس کے سامنے بیٹھے رہے امریکی وزیر خارجہ نے انڈیا میں جا کر جو کچھ کیا ہے وہ ہمارے حکمرانوں کے منہ پر تماچہ ہے، انہوں نے کہا کہ محرم کے بعد اپوزیشن عوام سے رابطے کے لئے بڑے پیمانے پر سرگرمیاں شروع کرے گی میاں شہباز شریف سندھ سے اپنے دورے کا آغاز کریں گے اور چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی جائیں گے، انہوں نے کہا کہ قائد میاں نوازشریف کے مشورے سے ہم مسلم لیگ (ن) کی ازسرنو تنظیم سازی کر رہے ہیں تاکہ خالی عہدے پر کئے جا سکیں اور کمزوریاں دور ہو سکیں اس لئے صوبائی صدر اور جنرل سیکریٹری کے سواء صوبے بھر کے ہر سطح کی تنظیم اور ونگز ختم کر دیئے گئے ہیں اور ایک ایڈوائزری کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے چیئرمین سابق گورنر محمد زبیر مقرر کئے گئے ہیں جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء ایڈوکیٹ اس کے سیکریٹری ہیں، انہوں نے کہا کہ خلائی مخلوق نے جھرلو کے ذریعے مسلم لیگ کے مینڈیٹ کو چھینا اور یوٹرن خان کو وزیراعظم بنوایا جو کہ صرف چندہ خوری کا تجربہ رکھتے ہیں، شوکت خانم ہسپتال بھی میاں نوازشریف کی حکومت کی دی گئی زمین ان کے بھاری فنڈ اور عوامی چندے سے بنایا تھا، چندے سے ڈیم نہیں بن سکتے اس کے لئے معیشت کو درست سمت لے جانا اور مستحکم کرنا ہو گا، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان چیف جسٹس کے بھی لاڈلے ہیں عمران خان کو کیوں رعائت دی گئی یہ سوالات یوٹرن خان سے کئے جانے چاہئیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک جمہوری جماعت ہے ہم اس کی عزت کرتے ہیں لیکن یہ ریکارڈ پر ہے کہ اے پی سی کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلے ہوئے تھے اسی کی بنیاد پر سید خورشید شاہ کو متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر کے لئے ووٹ دیا تھا لیکن پھر پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کو ووٹ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ سید خورشید شاہ، سید یوسف رضا گیلانی اور رضا ربانی خود چل کر میاں شہباز شریف کے پاس آئے تھے اور وضاحت کی تھی کہ اعتزاز احسن کا نام صرف تجویز کے طور پر صدارت کے لئے پیش کیا گیا ہے جس پر میاں شہباز شریف سے ان کی یہ بات طے ہوئی کہ وہ مزید دو نام شامل کرکے متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں پیش کریں گے تاکہ ان میں سے ایک مشترکہ امیدوار سامنے لایا جا سکے مگر پر پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو اپنا حتمی امیدوار بنانے کا اعلان کر دیا، پیپلزپارٹی کی قیادت نے طے شدہ فیصلوں سے انحراف کیوں کیا اس سوال پر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ دراصل دیو کی جان جس طوطے میں ہے وہ پنجرے میں بند ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات