Live Updates

سعودی وزیر اطلاعات پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے

دورے سے دونوں بردار ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے‘ دونوں ملکوں نے عوام کی خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو سعودی وزیر کے دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہوں گے‘دونوں ممالک تعاون کو مزید فروغ دینے پر رضامند ہیں‘ وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نور خان ایئربیس پر گفتگو

اتوار 9 ستمبر 2018 22:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2018ء) سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے اتوار کو وطن واپس روانہ ہوگئے۔ دورے کے دوران انہوں نے ملک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بہت سودمند ملاقاتیں کیں۔ نور خان ایئربیس پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران انہوں نے پاکستانی نمایاں شخصیات کے ساتھ مثبت اور بہت سودمند بات چیت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب منفرد اور خصوصی تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان کے دورے سے دونوں بردار ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے‘ نہ صرف دونوں ملکوں کی حکومتیں بلکہ عوام بھی پرتپاک تعلقات کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان تحریک انصاف کی نئی منتخب حکومت کے دور میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی طرف سے دورہ پاکستان کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ نور خان ایئربیس پر ان کی وطن واپسی کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین‘ ایڈیشنل سیکرٹری وزرات اطلاعات شفقت جلیل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر اطلاعات کے دورہ پاکستان سے دونوں اسلامی برادر ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تعاون کو مزید فروغ دینے پر رضامند ہیں‘ پاکستان میں نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سعودی انتظامیہ کو اس کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سعودی عرب بھی عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر نے مختلف افراد سے ملاقاتیں کی ہیں۔ سعودی وفد میں وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد کے علاوہ وزیراطلاعات کے مشیر فہیم بن حامد الخالد بھی پاکستانی اہم شخصیات سے ملے ۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی موجود تھے۔

سعودی وفد نے دورے کے دوران صدر مملکت عارف الرحمن علوی‘ وزیراعظم عمران خان‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجود‘ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر‘ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی صاحبزادہ نور الحق قادری سے بھی ملاقاتیں کیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات