پاکستان میں گوشت کے فی کس سالانہ استعمال میں گذشتہ 15 سال کے دوران 20.3 کلوگرام اضافہ ہوا، کنزیومر سولیڈیریٹی فورم کی رپورٹ

پیر 10 ستمبر 2018 10:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2018ء) گذشتہ 15 سال کے دوران پاکستان میں گوشت کے فی کس سالانہ استعمال میں 20.3 کلوگرام اضافہ ہوا ہے جبکہ 2020ء تک ملک میں گوشت کا فی کس سالانہ استعمال 47 کلوگرام تک بڑھنے کی توقع ہے۔ کنزیومر سولیڈیریٹی فورم کی رپورٹ کے مطابق سال 2000ء کے دوران پاکستان میں گوشت کا سالانہ استعمال 11.7 کلوگرام تھا جو 2016ء تک 32 کلوگرام تک بڑھ گیا جبکہ 2020ء تک گوشت کے فی کس سالانہ استعمال کا حجم 47 کلوگرام تک بڑھنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں 169 ملین جانور پائے جاتے ہیں جن میں سے 74 ملین گائے اور بھینسیں جبکہ 95 ملین بکریاں اور بھیڑیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق لائیو سٹاک کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس کی ضرورت بھی ہے کیونکہ گوشت کے فی کس سالانہ استعمال میں اضافہ کے پیش نظر گوشت پیدا کرنے والے جانوروں کی افزائش نسل کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گوشت کے استعمال میں اضافہ کے بنیادی اسباب میں گذشتہ دو دہائیوں کے دوران شہری آبادی میں ہونے والا تیز رفتار اضافہ اور لوگوں کے لائف سٹائل میں ہونے والی تبدیلیاں شامل ہیں کیونکہ لوگوں کی اکثریت آمدنی میں بہتری کے ساتھ ساتھ پروٹینز سے بھرپور غذا کے استعمال کو ترجیح دیتی ہے۔

متعلقہ عنوان :