قومی ٹیم کاڈیم فنڈ میں خطیر رقم دینے کا اعلان

امید ہے حفیظ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہونگے:قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 ستمبر 2018 12:16

قومی ٹیم کاڈیم فنڈ میں خطیر رقم دینے کا اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10ستمبر2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرار احمد نے کہا کہ ایشیاکپ کیلئے تیاری بہت اچھی ہے بہترین کھیل پیش کریں گے ،بھارت کیخلاف پوری تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے۔قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہناتھا کہ قومی کرکٹ ٹیم ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے عطیہ دے گی،ٹیم کے ہر کھلاڑی نے 2 ،2 لاکھ روپے دیئے ہیں ،ڈیم سے آنے والی نسلیں بھی فائدہ اٹھائیں گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم نے کیمپ میں گرم موسم کے باوجودبہت محنت کی،بھارت کےخلاف میچ ٹورنامنٹ کاپہلامیچ ہوگا، ایشیاءکپ بڑایونٹ ہے،ایشیاکی ٹاپ ٹیمیں شریک ہونگی،آنےوالی سیریزمیں اپنی بیٹنگ کوبہتربنانےکی کوشش کرونگا، ایشیاکپ میں تسلسل بھی بہت ضروری ہوگا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ابھی ٹیم کوکسی دوسرے وکٹ کیپرکی ضرورت نہیں ہے، زیادہ طویل سیریزمیں ایک سے زائدوکٹ کیپرزکی ضرورت ہوتی ہے،ایونٹ میں پہلے بیٹنگ کی تو300 سے زائدرنزکرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یواے ای میں سپنرزکاکرداربہت اہم ہوگا،ایشیاکپ میں شامل تمام ٹیمیں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کررہی ہیں،کسی ایک شعبے پرانحصارنہیں،تمام شعبوں میں بھرپورمحنت کریں گے،سرفراز احمد نے کہاکہ ہماری باﺅلنگ 300 رنزسے زائدکے ہدف کادفاع کرسکتی ہے،یواے ای میں موسم گرم ہے،رات میں ہوامیں نمی کاتناسب زیادہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اے ٹیم بھی سیریزکھیلنے کیلئے دبئی میں ہی ہوگی،ایشیاکپ میں اگرمتبادل کھلاڑی کی ضرورت ہوئی تووہاں سے ہی بلاسکتے ہیں،سرفراز احمد نے کہا کہ غیرملکی کوچزپروفیشنل ہیں،کھلاڑیوں کی فٹنس بہترہوئی ہے اور ٹیم میں کافی چیزیں بہترہوئی ہیں،پاکستانی بیٹنگ لائن ہدف حاصل کرنےکی قابلیت رکھتی ہے،سرفرازاحمدنے کہا کہ ٹیم کومحمدحفیظ کی ضرورت ہے،امیدہے محمدحفیظ ورلڈکپ کیلئے دستیاب ہوں گے۔