یورپین انوسٹمنٹ بینک نے اپنی نوعیت کے منفرد پہلے ’’سسٹینبلٹی اویئرنس بانڈ‘‘جاری کر دیئے، بانڈز کی فروخت سے حاصل 500 ملین یورو پانی کے معیار کو بہتر بانے اور اس کے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے

پیر 10 ستمبر 2018 13:53

یورپین انوسٹمنٹ بینک نے اپنی نوعیت کے منفرد پہلے ’’سسٹینبلٹی اویئرنس ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2018ء) یورپ کے سرمایہ کاری بینک ای آئی بی(یورپین انوسٹمنٹ بینک) نے اپنی نوعیت کے منفرد پہلے ’’سسٹینبلٹی اویئرنس بانڈ‘‘جاری کر دیئے۔ای آئی بی نے بانڈز کی یہ نئی سیریز مخصوص ترقیاتی مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی ہے، پہلے ’’سسٹینبلٹی اویئرنس بانڈ‘‘ کی فروخت سے حاصل ہونے والے 500 ملین یورو کی رقم برکینا فاسو اور جرمنی میں پانی کے معیار کو بہتر بنانے اور اس کے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے۔

ای آئی بی کے مطابق ان بانڈز کی مرحلہ وار فروخت کے ذریعے تعلیم،صحت عامہ اور یہاں تک کے صنفی مساوات کے شعبوں کو بھی ترقی دینے کے مقاصد حاصل کئے جائیں گے۔ای آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل ریسپونسیبل فار فنانس برٹرنڈ ڈی مزیریز نے کہا ہے کہ ای آئی بی کی جانب سے پہلے ’’سسٹینبلٹی اویئرنس بانڈ‘‘کی فروخت سے سرمایہ کاروں کے رجحان کو جانچا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان بانڈز کی فروخت ’’سوشلی ریسپونسیبل انویسٹمنٹ‘‘ بانڈز جیسے کہ ماحولیاتی مقاصد کے لئے ’’کلائیمیٹ اویئرنس بانڈز‘‘یا ’’گرین بانڈز‘‘کی فروخت پر اثر انداز نہیں ہو گی جن سے سالانہ 4 بلین یورو حاصل ہو رہے ہیں۔ورلڈ بینک ہر سال 50 سے 60 بلین ڈالر کے بانڈز جاری کرتا ہے جن کو اب ’’سسٹینبلٹی ڈویلپمنٹ بانڈ‘‘ کے طور پیش کئے جانے کا منصوبہ ہے تاکہ سرمایہ کاروں میں مخصوص ایشوز بارے شعور پیدا کیا جا سکے۔حال ہی میں ایک بلین سویڈش کرائون (110 ملین ڈالر)کے واٹر اینڈ اوشن بانڈز بھی جاری کئے گئے۔