Live Updates

مفتی تقی عثمانی کی عاطف میاں کیساتھ اسلامی بینکنگ اینڈ فنانس کی عالمی کانفرنس میں شرکت کرنے کا انکشاف

ماہر اقتصادیات عاطف میاں کی پاکستان کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں نامزدگی پر اعتراض کیا گیا، تاہم عاطف میاں اسلامی بینکنگ اینڈ فنانس کی عالمی کانفرنس میں شرکت کر چکے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بطور معروف ماہر اقتصادیات مشہور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 10 ستمبر 2018 18:15

مفتی تقی عثمانی کی عاطف میاں کیساتھ اسلامی بینکنگ اینڈ فنانس کی عالمی ..
دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 ستمبر 2018ء) : ماہر اقتصادیات عاطف میاں کو وفاقی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن کے طور پر نامزد کیا گیا تھا ۔ عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت پر پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو مذہبی طبقے کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔اور اسی تنقید کے ہاتھوں مجبور ہو کر حکومت نےعاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لے لی۔

جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بھی کی۔ تاہم اب سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مذہبی طبقوں کی نفرت کا نشانہ بننے والے عاطف میاں اسلامی بینکنگ کانفرنس کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ مارچ 2016ء میں منعقد کی جانے والی اسلامی بینکنگ اینڈ فنانس کی عالمی کانفرنس میں بطور خصوصی اسپیکر شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ماہر اقتصادیات عاطف میاں کے ساتھ ساتھ اس کانفرنس میں دیگر دو خصوصی اسپیکرز سعودی مجلس شوریٰ کے رکن پروفیسر حسام اور الریاضہ فنانشل اینڈ کنسلٹنٹ کے بانی ڈاکٹر ابراہیم بھی شریک تھے۔

اسلامی بینکنگ اینڈ فنانس کی عالمی کانفرنس میں انٹرنیشنل شریعہ کونسل کے چئیرمین پروفیسر تقی عثمانی سمیت سعودی عرب کے کئی ماہر اقتصادیات بھی موجود تھے ۔ ایسے میں کسی نے عاطف میاں کی کانفرنس میں شرکت اور کانفرنس سے خطاب پر اعتراض نہیں اُٹھایا ، کیونکہ یہ کوئی اسلامی کانفرنس نہیں بلکہ اقتصادیات اور فنانس پر مبنی ایک کانفرنس تھی جس میں ماہرین اقتصادیات کو مدعو کیا گیا تھا۔

یہ تفصیلات پاکستان میں عاطف میاں کے مخالف لوگوں کو ایک پیغام ہیں کہ اگر اسلامی بینکنگ کی کانفرنس میں عاطف میاں بطور خصوصی اسپیکر شرکت کر سکتے ہیں تو پھر وہ پاکستان کی اقتصادی مشاورتی کونسل کا حصہ کیوں نہیں بن سکتے؟ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مذہبی طبقوں کے دباؤ میں آکر اقتصادی مشاورتی کونسل سے عاطف میاں کی نامزدگی واپس لی جس کے بعد کونسل کے رکن ڈاکٹر اعجاز خواجہ اور عمران رسول نے بھی احتجاجاً استعفیٰ دے دیا اور یوں پاکستان اقتصادی مشاورتی کونسل میں موجود عالمی شہرت یافتہ ماہرین اقتصادیات سے محروم ہو گیا ۔

کچھ خبروں کے مطابق تو مذہبی گروپس نے اقتصادی مشاورتی کونسل میں عاطف میاں کی نامزدگی پر اسلام آباد میں دھرنا دینے اور چینی اور سعودی وزیر خارجہ کی آمد پر احتجاج کرنے کا فیصلہ بھی کر رکھا تھا ۔ غیر ملکی وزرائے خارجہ کے سامنے شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان پر پاکستان کا غلط تاثر نہ جائے، اسی لیے وزیراعظم عمران خان نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی اور عاطف میاں کی کونسل سے نامزدگی کو واپس لے لیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات