Live Updates

سپانسر کے بغیر کوئی بھی ملک کھیلوں میں ترقی نہیں کر سکتا، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

پرائیویٹ سیکٹر کے آنے سے ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا ، وزیر اعظم کو ملک میں کھیلوں کے حوالے سے آج بریفنگ دی جائے گی ، فنڈز کی کمی اور گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پر بھی آگاہ کیا جائے گا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سپورٹس فیڈریشنز اور کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے،بلوچستان حکومت کے ساتھ بات جیت کرکے نیشنل گیمز بلوچستان میں ہی کروائے جائینگے،سپورٹس کے حوالے سے تعلیم ہونی چاہئے اور کوچز کو بھی تربیت دینی ہوگی،پی او اے کی ساتھ خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 10 ستمبر 2018 20:39

سپانسر کے بغیر کوئی بھی ملک کھیلوں میں ترقی نہیں کر سکتا، ڈاکٹر فہمیدہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے آنے سے ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا اور سپانسر کے بغیر کوئی بھی ملک کھیلوں میں ترقی نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ میں پی او اے کی ساتھ خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ملک میں کھیلوں کے حوالے سے ( آج ) منگل کو بریفنگ دی جائے گی جس میں فنڈز کی کمی اور گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پر بھی آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بھی ملک میں کھیلوں کے حالات کو بہتر دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم سچی نیت کے ساتھ میرٹ کی بنیاد پر کھیلوں کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں اور اس میں کامیابی بھی ضرور ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سپورٹس فیڈریشنز کو ذمہ داری پوری کرنا ہونگی اور کھلاڑیوں کا چنائو میرٹ کی بنیاد پرکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھیلوں میں پیچھے رہ گئے ہیں اور کمزوریوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سپورٹس فیڈریشنز اور کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے اجلاس کے دوران کھیلوں کے حوالے سے بریفنگ لی گئی ہے اور فیڈریشنز سے بھی بریفینگ لی جائے گی اور ہم کھیلوں میں مسائل اور کمزوریوں کو دور کرنا چاہئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب مل کر سپورٹس پالیسی میں ترمیم کرکے نئی سپورٹس پالیسی بنائیں گے جس سے ملک میں کھیلوں کو فروغ اور بہتری آئے۔ نیشنل گیمز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے ساتھ بات جیت کرکے نیشنل گیمز بلوچستان میں ہی کروائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ کہیں پر سکول اور کہیں کھیلوں کے میدانوں پر مافیا قابض ہو جاتے ہیں، یہ سب مسائل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بریفینگ میں رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو حقائق کے بارے میں نشاندہی کرنی چاہئے، وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں ہم دوسرے ملکوں سے پیچھے ہیں گرائونڈ دینے ہونگے۔ سپورٹس کے حوالے سے تعلیم ہونی چاہئے اور کوچز کو بھی تربیت دینی ہوگی۔ عارف حسن نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے سپورٹس ڈویلپمنٹ سسٹم ہونا چاہئے جس سے گراس روٹ سطح پر کھیلوں کو سہولیات فراہم کر کے عالمی سطح پر لے کر جائیں گے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نیشنل گیمز کو واپس نہیں لینا چاہتی بلکہ گیمز کو بلوچستان میں ہی کروانا چاہتی ہے اور وہاں پر گرائونڈ تیار نہ ہونے کی بنا پر نیشنل گیمز ملتوی کئے گئے تھے۔ انہوں نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا بریفینگ لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں کھیلوں کو بہتر بنانا چاہتی ہیں۔۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات