پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جس میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے،جام کمال

سفارتی تعلقات میں کبھی کبھار مشکلات پیش آجاتی ہیں ان مشکلات کو ہم بیٹھ کر حل کرسکتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 10 ستمبر 2018 23:50

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جس میں مزید بہتری لائی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے کہا ہے کہ اسوقت مرکز اور صوبوں میں حکومتیں قائم ہوچکی ہیں میں آپکو صوبہ بلوچستان اور اپنی پارٹی کی جانب سے 99ویں سالگرہ کے موقع پر افغان عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جس میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے دونوں ملکوں کی سرحدیں آپس میں ملتی ہیںہم مل جل کر آپس کے رشتے کو مضبوط کریں گے۔

یہ بات انہوں نے پیر کی رات افغانستان کے کوئٹہ میںافغان قونصل جنرل وحید اللہ مہمند کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی ،ْصوبائی وزراء انجینئر زمرک خان اچکزئی،ملک نعیم بازئی ،سردار عبدالرحمن کھیتران ،ارکان صوبائی اسمبلی میر گہرام بگٹی ،وزیراعلیٰ کے مشیرخاص خالق ہزارہ ،احمد کوہزاد،نیشنل پارٹی کے ڈاکٹراسحاق بلوچ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینیٹرعثمان کاکڑ،سابق صوبائی وزیر رحیم زیارت وال،سابق صوبائی وزیر مجید اچکزئی،چیمبر آف کامرس کے سابق صدر جمعہ خان بادیزئی ،ایوب ناصر،طاہر خان او ر مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اس موقع پربچوں نے مختلف ٹیبلو پیش کئے تقریب میں بی این پی کے مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی سرداراختر جان مینگل کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان اور افغانستان کی ثقافت اور زبان ایک ہے لہذا ہمیں اسے مزید مضبوط کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات آئندہ مزید مضبوط اور مستحکم ہونگے پاکستان ہمیشہ افغانستا ن کا خیرخواہ رہا ہے ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ہمارے تعلقات اچھے ہیں ہمیں امید ہے کہ دوسری طرف سے بھی تعلقات مزید بہتر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات میں کبھی کبھار مشکلات پیش آجاتی ہیں ان مشکلات کو ہم بیٹھ کر حل کرسکتے ہیں کیونکہ کئی مشکلات عالمی سطح کی ہوتی ہیں انہیں اسی لیول پر حل کیا جاسکتا ہے اگر ہم مل بیٹھ کر مسئلے کو حل نہیں کریں گے تو یقینا اس سے دونوں ملکوں کو نقصان ہوسکتا ہے امید ہے کہ اسوقت مرکز اور صوبوں میں حکومتیں بن چکی ہیں اور ہم نے 14اگست بڑے جوش و خوش سے منایا ہے اور اسکے بعد آپ بھی افغانستان کی 99ویں سالگرہ منارہے ہیںامید ہے کہ ہمارے تعلقات مزید بہتر اور مستحکم ہونگے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نے افغانستان کی 99ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹااور افغان قونصل جنرل نے انہیں تحائف پیش کئے۔