روس کی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز،لاکھوں اہلکاروں کی شرکت

چین، منگولیا کے فوجیوںکی خصوصی شرکت، 36 ہزار فوجی گاڑیاں، ایک ہزار طیارے اور 80 جنگی جہاز حصہ لے رہے ہیں

منگل 11 ستمبر 2018 13:52

روس کی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز،لاکھوں اہلکاروں کی شرکت
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2018ء) روس کی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا،غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ووسٹوک 2018نامی جنگی مشقیں سائبیریا کے جنوبی حصے میں کی جائیں گی جس میں چین اور منگولیا کے فوجی دستوں سمیت 3 لاکھ فوجی اہلکار حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے تک جاری رہنے والی جنگی مشقوں میں 36 ہزار فوجی گاڑیاں، ایک ہزار طیارے اور 80 جنگی جہاز حصہ لیں گے جب کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن بھی ووسٹوک مشقوں کا جائزہ لیں گے۔

روسی وزیر دفاع سرگوئے شوئگے کا کہناتھا کہ تین لاکھ فوجی، 36 ہزار فوجی گاڑیاں، ایک ہزار جہاز اور 80 جنگی بیڑے مشقوں کا حصہ ہوں گے، اس تمام کا مقصد کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہے۔یاد رہے کہ روس نے اس سے قبل 'ووسٹوک 2014' کے نام سے فوجی مشقیں کی تھیں جس میں ایک لاکھ 55 ہزار اہلکاروں نے شرکت کی تھی۔