Live Updates

عدالت نے عامر لیاقت کی معافی مسترد کر دی

مذاق بنا لیا ہے پہلے توہین کرو اور پھر معافی مانگ لو!سپریم کورٹ کا عامر لیاقت کے خلاف 27 ستمبر تک فرد جرم عائد کرنے کا حکم

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 11 ستمبر 2018 13:26

عدالت نے عامر لیاقت کی معافی مسترد کر دی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 ستمبر 2018ء) سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں عامر لیاقت حسین کی معافی مسترد کر دی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی توہین آمیز گفتگو کرنے سے متعلق معافی مسترد کر دی ہے۔
سپریم کورٹ نے عامر لیاقت کے خلاف 27 ستمبر تک فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔

جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ عامر لیاقت نے جواب میں معافی نہیں مانگی۔جواب میں معافی نامے والا پیراگراف قانون کے مطابق نہیں۔فی الحال معافی قبول نہیں کر رہے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کریں گے۔

(جاری ہے)

مذاق بنا لیا ہے پہلے توہین کرو اور پھر معافی مانگ لو۔

تذلیل کرانے کے لیے عدالت میں نہیں بیٹھے۔عامر لیاقت نے نا اہل ہونے سے بچنے کے لیے معافی مانگی لیکن عامر لیاقت نے تحریری جواب میں کہیں بھی معافی نہیں مانگی۔ جب کہ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عامر لیاقت نے خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے۔اگر توہین عدالت ثابت ہوئی تو عامر لیاقت نااہل ہو جائیں گے۔ واضح رہے عامر لیاقت کو توتین آمیز گفتگو کرنے پر عدالت نے نوٹس جاری کیا تھا۔

نفرت انگیز ٹی وی پروگرام کے خلاف دائر درخواست پر سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے توہین عدالت نوٹس کے جواب میں غیر مشروط معافی مانگ تھی۔ عدالت نے نفرت انگیز ٹی وی پروگرام کی پاداش میں عامر لیاقت کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا، جمع کرائے گئے تحریری جواب میں عامر لیاقت نے کہا ہے کہ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں، خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔

7صفحات پر مشتمل عامر لیاقت کے معافی نامے میں کہا گیا ہے کہ میں نے ٹی وی پروگرام میں فادر آف بھارت اور سن آف بھارت کی اصطلاح کسی پاکستانی کیلئے استعمال نہیں کی،یہ اصطلاح بھارتی میڈیا کے اینکرز کے لئے استعمال کی جنہوں نے میری کردار کشی کی، معافی نامے میں کہا گیا ہے کہ میرے پروگرام کی کلپس کو سیاق سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، تحریک انصاف میں شمولیت پر مجھے ذلیل کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ۔عامر لیاقت نے عدالت سے گزارش کی ہے تھی کہ میری عزت کے ساتھ جو عناصر کھیل رہے ہیں انہیں متنبہ کیا جائے کیونکہ میں بھی اس ملک کا شہری اور ایک عام انسان ہوں۔تاہم عدالت نے عامر لیاقت کی معافی قبول نہیں کی اور عامر لیاقت کے خلاف 27 ستمبر تک فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات