مالدیپ پاکستانی مصنوعات کیلئے ایک بڑی درآمدی منڈی بن سکتا ہے‘نائب صدر پی سی سی آئی

منگل 11 ستمبر 2018 18:10

مالدیپ پاکستانی مصنوعات کیلئے ایک بڑی درآمدی منڈی بن سکتا ہے‘نائب ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2018ء) فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدرکریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ مالدیپ پاکستانی مصنوعات کیلئے ایک بڑی درآمدی منڈی بن سکتا ہے، مالدیپ میں پاکستانی اشیائ کی بڑی مانگ ہے اور وہاں کی حکومت کا جھکائو بھی پاکستان کی جانب ہے مگر مالدیپ میں بھارت اورخطے کے دیگر ممالک کی تیار کردہ مصنوعات کی شرح زائد ہے۔

منگل کو ان خیالات کا اظہارنائب صدر پاکستان فیڈریشن آف چیمبر کامرس کریم عزیز ملک نے مالدیپ کے دورے سے واپسی کے بعد تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سو فیصد مسلم آبادی والے اس ملک کی فی کس آمدنی 13ہزار 250 ڈالر ہے اور وہاں کاروبارکے بڑے مواقع موجود ہیں جس سے دیگر ممالک فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مالدیپ میں پاکستانی چاول ،گوشت ،پولٹری، پھلوں، سبزیوں،سیمنٹ اور دیگر اشیائ کی بڑی مانگ ہے مگر وہاں تک سامان تجارت پہنچانا مسئلہ ہے۔

بھارت اپنا سامان لانچوں اور دیگر ذرائع سے بھجوا رہا ہے جبکہ پاکستان سے ڈائریکٹ ٹریڈ کی سہولت موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات سری لنکا کے ذریعے جا رہی ہیں جہاں کی بندرگاہ چھوٹی ہونے کی وجہ سے سامان کئی ہفتوں تک وہیں پڑا رہتا ہے جس سے برآمدکنندگان کو نقصان ہوتا ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیائ کی برآمد مشکل ہو جاتی ہے۔

انھوں نے کہا 11سو 50 جزیروں پر مشتمل ملک مالدیپ کی بڑی صنعت سیاحت ہے جبکہ اس کا زیادہ تر انحصار درآمدات پر ہے۔اس ملک کواعلیٰ تعلیم یافتہ ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کی بھی بڑی ضرورت ہے جس سے فائدہ اٹھا کرپاکستان بے روزگاری کم اور زرمبادلہ کما سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان مالدیپ کا رخ کریں اور ایف پی سی سی آئی اس سلسلہ میں ان سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

کریم عزیز ملک نے مالدیپ میںوزرائ اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے سفیر ائیر وائس مارشل(ر) وسیم اکرم سے ملاقات کے دوران ان کی خدمات کو سراہا اورکہا کہ پاکستانی حکومت مالدیب کیلئے سیاحت اور سامان تجارت پہنچانے کیلئے سمندری راستے سے سروس شروع کرے تو تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔