مظلوموں کی داد رسی پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے،شہلارضا

صوبائی وزیر انسانی حقوق نے سندس کے ورثاء انصاف دلانے کیلئے وکلاء کو نامزد کردیا

منگل 11 ستمبر 2018 19:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2018ء) سند ھ کی صوبائی وزیرانسانی حقوق شہلا رضا سے مبینہ طورپرخو دکشی کاارتکاب کرنے والی گذری کی خاتون سند س کی والدہ اوربھائی نے ملاقات کی اوربتایاکہ اس کی بیٹی سندس کواس خا وند نے قتل کرکے واقعے کو خودکشی کا رنگ دیا ہے، انہیں انصاف دلایا جائے ،سندس کی والدہ اور بھائی کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ سے پانچ منٹ قبل سندس نے اپنی والدہ کو موبائل پر میسیج بھی کیا تھااور میسیج کرنے کے پانچ منٹ کے بعد اس کی خود کشی کی اطلاع ملی ۔

ا س موقع پر سندس کی اہل خانہ نے صوبائی وزیر شہلا رضا کو میڈیکل دستاویزا ت بھی دکھائے جس سے واقعہ کسی بھی طور پر خود کشی کا نہیں لگتا تھا۔ صوبائی وزیر شہلا رضاسندس کی والدہ اور بھائی کی تمام باتیںتوجہ سے سنیں اور صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او گذری کو طلب کیا اور کیس کی نوعیت معلوم کی،صوبائی وزیر انسانی حقوق شہلا رضانے تین نامور وکلاء سعادت اعوان، طارق اقبال اور نصیب جعفری کو اس کیس میں نامزد کرتے کیس کو منطقی انجام تک پہنچاکر ورثاء کو انصاف دلانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر انسانی حقوق شہلا رضا نے کہاکہ مظلوموں کی داد رسی ہماری ذمہ داری اور پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے ہم یہاں مظلوموں کو انصاف دلانے کیلیے بیٹھیں ہیں ۔ مظلوم خاتون کو قتل کرکے خود کشی رنگ دینے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ سندس کے ورثاء کو ہرحال میں انصاف دلایا جائے گااور انصاف کابول بالا ہوگا۔ اس موقع سندس کے ورثاء نے صوبائی وزیر شہلا رضاپرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔