Live Updates

کراچی معاشی و نظریاتی شہ رگ ہے ،ْوفاقی حکومت 500ارب کے پیکج کا اعلان کر ے‘سینیٹر سراج الحق

موجودہ حکومت مسئلہ کشمیرپر متفقہ قومی مؤقف کو اٹھائے اور کشمیریوں کو ان کاحق خود ارادیت دلانے کے لے ان کی ترجمانی کرے عمران خان قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ سے بات کریں ، کرپشن کی رقم وصول کرلی جائے تو ملک میں کئی ڈیم بن سکتے ہیں‘امیر جماعت اسلامی کی پریس کانفرنس

منگل 11 ستمبر 2018 23:12

کراچی معاشی و نظریاتی شہ رگ ہے ،ْوفاقی حکومت 500ارب کے پیکج کا اعلان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی معاشی اور نظریاتی شہ رگ ہے ، ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے کراچی کی ترقی اور خوشحالی ضروری ہے ،ایم کیو ایم پہلے بھی حکومتوں میں شامل رہی ہے اور موجودہ حکومت میں بھی شریک ہے ،پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ہے کہ وہ کراچی کے مسائل حل کرے،وزیر اعظم عمران خان کراچی آرہے ہیں وہ اس موقع پر کراچی کے لیے 500ارب روپے کے پیکج کا اعلان کریں ، سانحہ بلدیہ فیکٹری اور سانحہ 12مئی کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ،سانحہ بلدیہ کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ، کراچی میں سرکاری کواٹروں کے مکینوں کو بے دخل کرنے کے بجائے ان کو مالکانہ حقوق دیے جائیں ، کے الیکٹرک کے بے لگام گھوڑے کو لگام دی جائے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کو معاوضہ اور زخمی ہونے والوں کی کفالت کا انتطام کے الیکٹرک سے کروایا جائے ،کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ،کراچی میں پویس اور رینجرز کی موجودگی کے باوجود اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ حکومت کے لیے شرمناک ہے ،جامعہ کراچی کو مالی بحران سے نکالا جائے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔عمران خان ختم نبوتؐ اور توہین رسالت ؐ کے حوالے سے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کریں اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ سے بات کریں ، مسئلہ کشمیر پر کسی بھی حکومت کو پیچھے ہٹنے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے ، موجودہ حکومت مسئلہ کشمیرپر متفقہ قومی مؤقف کو اٹھائے اور کشمیریوں کو ان کاحق خود ارادیت دلانے کے لے ان کی ترجمانی کرے ، ڈیم ملک کی ضرورت ہیں ، ضرور تعمیر ہونے چاہئے ،کرپشن کی رقم وصول کرلی جائے تو ملک میں کئی ڈیم بن سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری محمد اصغر ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن و دیگر بھی موجود تھے ۔ اس مو قع پر انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شریف فیملی سے اظہار تعزیت کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت اپنے 100دنوں کے ایجنڈے کو مکمل کرے، ایک اندازے کے مطابق صرف سوئز بنک میں پاکستان کے 375ارب ڈالر جمع ہیں تو باقی دنیا میں ہماری کتنی دولت ہوگی ، یہ دولت ملک میں واپس آنی چاہئے اور احتساب کے عمل اور کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے ، مقدس مقامات اور شخصیات کی عزت اور توقیر کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی قانون سازی ہونی چاہیے اور موجودہ حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ امریکی وزیر خارجہ کے آمد کے موقع پر حکومت کوڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی بات کرنی چاہیے تھی جو نہیں کی گئی ۔

اسٹیل مل ،پی آئی اے اور واپڈا سمیت کسی بھی قومی ادارے کی نج کاری نہیں ہونی چاہیے ، ان اداروں کو تباہ و برباد کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے ،اسٹیل مل کے ملازمین کو 6ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں، قومی اداروں کی بحالی کے ہر مثبت اقدام کی حمایت اور تعاون کریں گے ۔سراج الحق نے کہاکہ اس وقت کراچی میں PTI کے 14اور ایم کیو ایم کے 4ارکان قومی اسمبلی ہیں اس طرح کراچی کے 21میں سے 18ارکان ان جماعتوں کے ہیں جن کی وفاق میں حکومت ہے اس لیے کراچی کے مسائل حل کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی نے ہمیشہ بہت ٹھوس بنیادوں پر کام کیا ہے اوریہاں کے مسائل کے حل کے لیے ہمارے پاس مربوط خصوصی منصوبہ بندی موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ بلدیہ کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے 6سال گزرنے کے باوجود اب تک مقدمہ تکمیل کو نہیں پہنچا ،جے آئی ٹی کی رپورٹس میں نامزد شدہ ملزمان کو نہ تو گرفتار کیا گیا نہ جے آئی ٹی رپورٹس سامنے لائی جارہی ہیں ۔ سانحہ کے شہداء کے لواحقین کی مالی امداد اور بحالی کے اقدامات ،جن کا اعلان وزیر اعظم پاکستان اور سندھ حکومت نے کیا تھا وہ وعدے اب تک پورے نہیں کیے گئے ،یہ وعدے فوری پورے کیے جائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات