سندھ ایک مرتبہ پھر شراب کی بوتلوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گیا

وزیر بلدیات سعید غنی کاپمپنگ اسٹیشن کا دورہ، دورے کے دوران شراب کی خالی بوتل پر نظر پڑگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 ستمبر 2018 15:30

سندھ ایک مرتبہ پھر شراب کی بوتلوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 ستمبر 2018ء) : سندھ ایک مرتبہ پھر سے شراب کی بوتلوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ نے آج پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کلفٹن پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کرنے گئے تو وہاں ان کی شراب کی خالی بوتل پر نظر پڑگئی۔ سعید غنی نے واٹر بورڈ افسران سے سوال کیا کہ یہ کس چیز کی بوتل ہے؟ تو جواب ملا کہ یہ بوتل کسی نے باہر سے اندر پھینکی ہو گی۔

جس پر وزیر بلدیات سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئےمعاملے کی تحقیقات کی ہدایت کر دی۔ سعید غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سب نے ہی شراب کی بوتل دکھائی، یہ بوتل کس کی ہے اور یہاں کیسے آئی اس حوالے سے میں کوئی حتمی بیان تو نہیں دے سکتا لین ایک بات اچھی تھی اور وہ یہ کہ بوتل خالی تھی اور پُرانی لگ رہی تھی۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے اس دورے اور دورے کے دوران برآمد ہونے والی شراب کی خالی بوتل کی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

خیال رہے کہ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلوں کی برآمدگی کا معاملہ خبروں کی زینت بنا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کے اچانک دورے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی تھیں۔ چیف جسٹس نے اسپتال کے اچانک دورے کے دوران شراب کی بوتلیں دیکھیں تو شرجیل میمن سے ان بوتلوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ شرجیل میمن نے جواب دیا کہ مجھے نہیں معلوم ، یہ میری نہیں ہیں، جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے پولیس کو معاملے کی جانچ پڑتال کرنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں اسپتال انتظامیہ کے حکم پرضیا الدین اسپتال کا متعلقہ کمرہ سیل کر دیا گیا جبکہ شرجیل میمن کو بھی اسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا تھا ۔