تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے نجی شعبہ درآمدات کے متبادل ملک میں تیار کرے، ڈاکٹر عبدالقدر خان

تاجر برادری فلاحی کاموں میں محسن پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گی، شیخ عامر وحید

بدھ 12 ستمبر 2018 18:36

تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے نجی شعبہ درآمدات کے متبادل ملک میں تیار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2018ء) ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ درآمدات میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کا تجارتی خسارہ بہت بڑھ گیا ہے جس سے معیشت مشکلات کا شکار ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ درآمدات کے متبادل ملک کے اندر تیار کرنے پر توجہ دے جس سے تجارتی خسارہ کم ہو گا اور صنعتی شعبہ بھی بہتر ترقی کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور برآمدات کو فروغ دے کر اربوں ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں لا رہی ہے جس وجہ سے ملک آگے بڑھ رہا ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ تاجروں وصنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اتنے قدری وسائل عطا کئے ہوئے ہیں کہ گڈز گورننس کو اپنا کر پاکستان پانچ سالوں میں اقتصادی ترقی میں ترکی و ملائشیا سے آگے بڑھ سکتا ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ حکومت نے نئے ڈیم تعمیر کرنے کے عزم کااظہار کیا ہے جو قابل ستائش ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ایک ڈیم تعمیر کرنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں جبکہ ہر سال بڑی مقدار میں بارشوں کا پانی ملک میں ضائع جاتا ہے اور سیلاب سے تباہی بھی ہوتی ہے لہذا ڈیم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مختصر مدت میں پانی ذخیرہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ حکومت مصنوعی جھیلیں و تالاب تعمیر کرنے کی کوشش کرے جس سے سیلاب کا مسئلہ بھی حل ہو گا اور زراعت کیلئے پانی مہیا ہو گا ۔

انہوں نے کہا پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایران کی سرحد تک گیس پائپ لائن بچھائے تا کہ ایران پر پابندیاں ختم ہوتے ہی پاکستان ایران سے گیس درآمد کر سکے جس سے ملک میں کھاد کی پیداوار بہتر ہو گی اور کھاد کی درآمد پر خرچ ہونے والے اربوں ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کا سول سروس نظام خستہ حالی کا شکار ہے اور اگر حکومت چاہے تو وہ اس نظام میں اصلاحات لانے میں تعاون کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ وہ لاہور میں تین سو بستروں پر مشتمل ایک سات منزلہ فلاحی ہسپتال تعمیر کر رہے ہیں جس کی تین منزلیں تعمیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس منصوبے کی تکمیل میں ان کے ساتھ تعاون کرنے پر غور کرے۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدر خان کی کوششوں سے پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے باعث فخر بات ہے۔ انہوںنے بہت سے فلاحی کاموں کی سرپرستی کرنے پر بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو سراہا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری فلاحی کاموں میں ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے چیمبر کا دورہ کرنے پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا شکریہ ادا کیا اور فلاحی کاموں کو آگے بڑھانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، خالد اقبال ملک، محمد اعجاز عباسی اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملک وقوم کیلئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔