کراچی کنگز سندھ کے شہزادے کرکٹ، کراچی کی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل

سکھر کو 6 وکٹوں سے شکست، میرپورخاص نے حیدر آباد کیخلاف 4 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی میرپورخاص کے حمزہ قادر اور شیران ملک مشترکہ مرد میدان، کراچی کے عماد عالم مین آف دی میچ قرار

بدھ 12 ستمبر 2018 22:34

کراچی کنگز سندھ کے شہزادے کرکٹ، کراچی کی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2018ء) عماد عالم نے مسلسل دوسری بار مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کرکے ہوم ایج کراچی کے شہزادے کو مسلسل تیسری کامیابی سے ہمکنار کیا جب کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں انہوں نے اگلو سکھر کے شہزادے کو 4 وکٹوں سے قابو کیا۔ ہاک میرپورخاص کے شہزادے کو برج پاور حیدرآباد کے شہزادے کیخلاف 6وکٹوں کی آسان فتح حاصل ہوئی۔

فاتح ٹیم کے حمزہ قادر اور شیران ملک کو مشترکہ مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔نیا ناظم آباد کے سرسبز میدان میں ایونٹ کے تیسرے روز بھی حسب معمول 2میچز کھیلے گئے۔ سکھر کے شہزادے 19.3اوورز میں 107رنز میں پویلین لوٹ گئے۔ حیدر عباس 33اور محمد عمران 31رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے نمایاں اسکورررہے۔

(جاری ہے)

محمد سلمان نے 21اورفحدث بخاری نے 22رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

عماد عالم نے 15رنز پر ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔کراچی کی جوابی اننگز 19اوورز میں مکمل ہوگئی جب 4وکٹوں پر 108رنز جوڑے گئے۔ عماد عالم ایک بار پھر اپنی ٹیم کے ہیروثابت ہوئے انہوں نے 49رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ بہادر علی 32رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ علی اصغر کو 10رنز پر 2وکٹ ملے۔دوسرے میچ میں حیدرآباد کے شہزادے نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 117رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر آویزاں کیا۔

دانیال راجپوت 5چوکے لگا کر 36اور فواد احمد ایک چھکا لگا کر 20رنز اسامہ بلوچ نے 19رنز میں ایک چھکا اور محمد ادریس نے 2چوکوں کی بدولت 10رنز اسکور کئے۔ شیران ملک نے انتہائی شاندار اور نپی تلی بولنگ کی اورمحض 7رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا ۔ حمزہ قادر نے بھی 22رنز پر 3کھلاڑیوں کوکریز چھوڑنے پر مجبور کیا۔فراز کھوسو اور عاصم خلیل نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔

میرپور خاص کے شہزادے مطلوبہ ہدف کو باآسانی حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب 19اوورز میں 4وکٹوں پر 108رنز بنائے گئے۔حمزہ قادر نے عمدہ بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور 39رنز 3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اسکور کئے۔ احمد کبیر کے 22رنز میں 2چوکے ، راؤ وقار کی 19رنز بغیر چوکے کے بجائے گئے ۔ محمد سلمان نے 14رنز میں ایک چوکا رسید کیا۔محمد وقار، آصف محمود اور اسد ملک نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔