Live Updates

بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرتعزیت کیلئے آنیوالوں کا تانتا بندھا رہا،میت (کل )پاکستان لائی جائے گی

نواز شریف ،مریم نواز صدمے سے نڈھال ، صرف خاندان کے افراد سے ملاقات کی ، (آج )تعزیت کیلئے آنے والوں سے ملاقات کرینگے جاتی امراء آنیوالے حمزہ شہباز سے تعزیت کرتے رہے ،سلمان شہباز پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ نماز جنازہ کے انتظامات کرتے رہے مرحومہ کی نماز جنازہ(آج) سینٹرل ماسک ریجنٹ پارک لندن میں بھی ادا کی جائیگی ،جمعہ کو بعد از نماز عصر شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی

بدھ 12 ستمبر 2018 22:08

بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرتعزیت کیلئے آنیوالوں کا تانتا بندھا رہا،میت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ملک بھر کی فضاء سوگوار ہے ،جاتی امراء تعزیت کے لئے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا ،نواز شریف اور مریم نواز نے صرف خاندان کے افراد سے ملاقات کی ، جبکہ کل ( جمعرات) کو شام چار بجے سے چھ بجے تک تعزیت کے لئے آنے والوں سے ملاقات کریں گے، مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہباز شریف میت لینے لندن روانہ ہو گئے ،مرحومہ کی نماز جنازہ آج ( جمعرات )لندن میں ہو گی جبکہ کل (جمعہ ) شریف میڈیکل سٹی میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جاتی امراء میں تدفین کی جائے گی ۔

گزشتہ روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، پرویز رشید ، جاوید ہاشمی ،خواجہ سعد رفیق ، خرم دستگیر ، پرویز ملک ، مریم اورنگزیب ، آصف کرمانی ،امیر مقام ،غزالی سلیم بٹ ، لیلیٰ خان ، ملک ریاض ،سید رضا علی گیلانی ،نصیر احمد بھٹہ ، خواجہ احمد حسان ، توصیف شاہ ،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن ، عامر صدیق ،وحید عالم ،میاں عثمان ، ملک خالد فاروق کھوکھر ،باقر حسین ،ملک احمد حسن ، حشمت علی شاہ ، انجینئر رانا انعام ،رانا محمد اقبال ، سینیٹر ڈاکٹر غوث نیازی ، خواجہ عمران نذیر ،علی پرویز ملک ، عطاء تارڑ اور لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد اظہار تعزیت کیلئے جاتی امراء پہنچی جنہوں نے حمزہ شہباز سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث صدمے سے دوچار ہیں جس کے باعث انہوں نے گزشتہ روز خاندان کے افراد کے علاوہ کسی سے ملاقات نہ کی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر اور خاندان کے دیگر افراد انہیں دلاسہ دیتے رہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجما ن مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیراعظم محمد نوازشریف آج بروز ( جمعرات ) شام 4سے 6بجے تک تعزیت کیلئے آنے والوں سے ملاقات کریں گے ۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی میت لینے لندن روانہ ہو گئے ۔مرحومہ کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات کو سینٹرل ماسک ریجنٹ پارک لندن میں ادا کی جائے گی جس میں خاندان کے افراد سمیت دیگر اہم شخصیات شر کت کریں گے ۔شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ جمعہ کے روز لاہور واپس پہنچیں گے اور دیگر اہل خانہ بھی پاکستان آئیں گے۔

(ن) لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کل بروز جمعہ شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی، جاتی امراء میں ادا کی جائے گی او ران کی جاتی امراء میں ہی تدفین کی جائے گی۔ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل مورخہ 16ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امرا ء میں ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے پرویز ملک ، خواجہ عمران نذیر ،علی پرویز ملک ، عطاء تارڑ ، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق اور ڈی آئی جی سکیورٹی ودیگر کے ہمراہ جاتی امراء میں بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ کی ادائیگی کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

پولیس کی جانب سے جاتی امراء اور اسکے اطراف سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور ٹریفک کی روانی کیلئے بھی وارڈنز تعینات کیے گئے تھے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات