اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، سینٹارس مال کا ایک حصہ منہدم کر دیا گیا

سی ڈی اے کی جانب سے فیض آباد غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے سمیت سیکٹر ایف سیون میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھی کریک ڈائون

muhammad ali محمد علی بدھ 12 ستمبر 2018 22:17

اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، سینٹارس مال کا ایک حصہ منہدم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2018ء) اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، سینٹارس مال کا ایک حصہ منہدم کر دیا گیا، سی ڈی اے کی جانب سے فیض آباد غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈے سمیت سیکٹر ایف سیون میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھی کریک ڈائون۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران پاکستان کے بڑے سینٹارس مال کا ایک حصہ منہدم کر دیا گیا ہے۔

منہدم کیا گیا حصہ مرکزی تین ٹاورس کے ساتھ واقع تھا۔ منہدم کیا گیا حصہ نمائشی تھا۔ سینٹارس ٹاور کی انتظامیہ نے سی  ڈی اے کی جانب سے موصول ہونے والی وارننگ کے بعد خود مذکورہ نمائشی حصے کو منہدم کیا ہے۔ دوسری جانب سی ڈی اے کی جانب سے سیکٹر ایف سیون میں بھی آپریشن کیا گیا جس کے دوران نجی ریسٹورینٹس کی غیر قانونی بنائی گئی چار دیواری کو گرا دیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر فیض آباد ٹرانسپورٹ اڈا بھی مسمار کر دیا گیا۔ آپریشن بھی سی ڈی اے اور وفاقی انتظامیہ ملازمین سمیت پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ واضح رہے کہ وفاقی ترقیاتی ادارا گزشتہ ایک ہفتے سے اسلام آباد میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ان ایکشن ہے، جبکہ فیض آباد ٹرانسپورٹ اڈے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر ماضی میں بھی معمولی آپریشن کیا جا چکا ہے ۔

اڈا مالکان کو متبادل اراضی فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔ تاہم ٹرانسپورٹ مافیا فیض آباد میں پنجے گاڑے بیٹھے تھے اور قبضہ چھوڑنے سے انکاری تھے۔ تاہم گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر ایک بار پھر اس اڈے کے خلاف آپریشن کیا گیا اور غیر قانونی تجاوزات کا منہدم کر دیا گیا۔