وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کا امکان

تحریک انصاف کے سربراہ جمعہ کے روز لاہور پہنچیں گے، دیگر جماعتوں کے رہنماوں کی جانب سے بھی سابق خاتون اول کی نماز جنازہ میں شرکت کا امکان

muhammad ali محمد علی بدھ ستمبر 22:39

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کا امکان، تحریک انصاف کے سربراہ جمعہ کے روز لاہور پہنچیں گے، دیگر جماعتوں کے رہنماوں کی جانب سے بھی سابق خاتون اول کی نماز جنازہ میں شرکت کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی رحلت کے بعد سے ملک بھر کی سماجی، سیاسی اور دیگر نامور شخصیات کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

جبکہ بیگم کلثوم نواز کی پاکستان میں جمعہ کے روز نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اہم اعلان کیا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مجھ سمیت تحریک انصاف کی اعلی قیادت سابق خاتون اول کی جاتی امراء میں ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل کی جانب سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بھی بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کا امکان ہے۔ وزیراعظم عمران خان جمعہ کے روز لاہور پہنچیں گے اور جاتی امراء کا دورہ بھی کریں گے۔ اس دوران وزیراعظم بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت بھی کریں گے۔

جبکہ دیگر جماعتوں کے رہنماوں کی جانب سے بھی سابق خاتون اول کی نماز جنازہ میں شرکت کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ تین مرتبہ خاتون اول بننے کا اعزاز حاصل کرنے والی سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ بیگم کلثوم نواز صاحبہ گزشتہ برس اگست کے ماہ میں لندن کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کی گئی تھیں۔

بیگم کلثوم نواز صاحبہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں۔ ایک برس تک بیگم کلثوم نواز کا مسلسل علاج جاری رہا، تاہم منگل کے روز وہ جہاں فانی سے کوچ کر گئیں۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق خاتون اول کے دیور شہباز شریف نے لندن جانے کا فیصلہ کیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق خاتون اول کے دیور شہباز شریف اپنی بھابی کا جسد خاکی لے کر پاکستان واپس آئیں گے۔

اس حوالے سے شریف خاندان نے اعلان کیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی جمعرات کی شب کو پاکستان پنچایا جائے گا۔ جبکہ سابق خاتون اول کی نماز جنازہ جمعہ کے روز رائیونڈ میں واقع شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امراء میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ کے بعد بیگم کلثوم نواز کو ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔