Live Updates

وزیراعظم عمران خان کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں تفصیلی بریفنگ دی گئی

اہم اور حساس نوعیت کے امور پر فوج نے اپنا نقطہ نظر سامنے رکھا، سول اور ملٹری تعلقات میں دراڑ کی بات ختم ہو چکی ہے فوج اور حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان سے مسلح جتھے اور انتہاء پسند گروہوں کا خاتمہ ہو، اس حوالے سے حکومت اور عسکری قیادت سمیت تمام ادارے متفق اور متحد ہیں، فوج اور حکومت کو پاکستان کا مفاد سب سے عزیز ہے،عسکری ادارے اور سویلین حکومت سی پیک سمیت تمام قومی امور پر ایک پیج پر ہیں: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 13 ستمبر 2018 01:10

وزیراعظم عمران خان کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں تفصیلی بریفنگ دی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان سے مسلح جتھے اور انتہاء پسند گروہوں کا خاتمہ ہو، اس حوالے سے حکومت اور عسکری قیادت سمیت تمام ادارے متفق اور متحد ہیں۔ فوج اور حکومت کو پاکستان کا مفاد سب سے عزیز ہے،عسکری ادارے اور سویلین حکومت سی پیک سمیت تمام قومی امور پر ایک پیج پر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جب بھی کوئی نیا وزیراعظم آتا ہے تو وہ جی ایچ کیو اور آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرتا ہے، عمران خان کو اہم اور حساس نوعیت کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، فوج نے اپنا نقطہ نظر سامنے رکھا، باہر کے لوگ کہتے تھے کہ حکومت اور فوج الگ الگ بات کرتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ، فوج اور سول حکومت کے درمیان دراڑ کی بات ختم ہو چکی ہے، امریکہ ہو یا چین جب بھی ان کے وفود پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں وہ مطمئن ہو کر واپس جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، عسکری قیادت نے وزیراعظم اور کابینہ کے سینئر ارکان کو تمام اہم قومی اور حساس امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور اپنا نقطہ نظر ان کے سامنے رکھا، اہم اور حساس امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ ان کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، ماضی میں یہ تاثر عام تھا کہ سول اور ملٹری تعلقات میں دراڑ ہے، وزیراعظم عمران خان کے جی ایچ کیو اور آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے بعد وہ تاثر ختم ہو گیا ہے، پاکستان میں اب سول اور ملٹری کے درمیان دراڑ کی بات ختم ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ہو یا چین جو بھی پاکستان آتا ہے، اپنے دورے سے مطمئن ہو کر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مفاد فوج اور حکومت کو سب سے زیادہ عزیز ہے۔ سی پیک کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مغربی میڈیا کو سی پیک کے حوالے سے کچھ تحفظات ہیں، ان سے جب بھی بات ہوتی ہے تو وہ گھما پھرا کر بات کرتے ہیں تاکہ پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کا مستقبل ہے، فوج اور حکومت سی پیک کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر نے امریکی وفد سے ملاقات کے دوران ان کو کہا تھا کہ سی پیک پر نہ گھبرائیں، آپ اپنی سرمایہ کاری پاکستان میں لائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں بھی استحکام چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سی پیک افغانستان تک بڑھایا جائے تاکہ وہاں پر بھی سرمایہ کاری ہو اور اسی سے ہی افغانستان میں استحکام لایا جا سکتا ہے۔ چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران بھی پاکستانی قیادت نے سی پیک پر کھل کر بات کی تھی اور ہم نے کہا تھا کہ سی پیک پاکستان کے لئے انتہائی اہم ہے، اس منصوبے کو مکمل کرنا چاہتے ہیں، مغربی میڈیا نے رزاق دائود کا انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ فوج اور حکومت کو پاکستان کا مفاد سب سے عزیز ہے، پالیسیاں آئیسولیشن میں نہیں بنتیں، ان کے محرکات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے بھارت سے متعلق موقف کو فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان سے مسلح جتھے، مسلح گروپ اور انتہاء پسند گروہوں کا خاتمہ ہو، اس حوالے سے حکومت اور عسکری قیادت سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات