نئی پی سی بی انتظامیہ نے کپتان سرفراز احمد کے نائب کی تلاش شروع کردی

ورلڈ کپ تک ون ڈے ، ٹی ٹونٹی کے نائب کپتان کےلئے شعیب ملک کا نام سامنے آرہا ہے: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 ستمبر 2018 12:23

نئی پی سی بی انتظامیہ نے کپتان سرفراز احمد کے نائب کی تلاش شروع کردی
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13ستمبر2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں بورڈ کی نئی انتظامیہ نے نائب کپتان کی تلاش شروع کردی ہے۔ورلڈ کپ تک ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے نائب کپتان کے لئے آل راﺅنڈرشعیب ملک کا نام سامنے آرہا ہے۔شعیب ملک 2009 ءمیں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد کپتانی سے مستعفی ہوگئے تھے، اس وقت وہ پاکستان ٹیم میں سیاست کے بجائے مکمل طور پر کرکٹ پر فوکس ہیں۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے بعد اس تجویز پر عملی جامع پہنانے کے لئے چیئرمین احسان مانی کو قائل کیا جائے گا کیوں کہ نائب کپتان کا تقرر خالصتاً چیئرمین کا استحقاق ہے۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں قومی کیمپ کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ تک نان سٹاپ کرکٹ کھیلنا ہے، اس دوران اگر کسی موقع پر سرفراز احمد ان فٹ ہوجاتے ہیں تو ٹیم کے پاس نائب کپتان ہونا چاہیے جو ان کی عدم موجودگی میں قیادت کی باگ دوڑ سنبھالے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس تجویز سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے تاہم اس بارے میں سوچ وبچار کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹرانضمام الحق مستقل بنیادوں پر نائب کپتان لانے کے حق میں ہیں حالانکہ پاکستان کرکٹ کی روایت رہی ہے کہ کپتان کے ساتھ بہت کم کھلاڑیوں کو نائب کپتان مقرر کیا جاتا ہے۔مصباح الحق کے ساتھ طویل عرصے تک کوئی نائب کپتان نہیں تھا۔

اس بارے میں احسان مانی کی رائے اور رولنگ اہم ہوگی۔شعیب ملک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے اس لیے ان کو سرفراز احمد کے ساتھ نائب کپتان بناکرمستقل کپتان پر دباﺅبڑ ھ سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نائب کپتان کے بغیر کئی سالوں سے کپتانی کررہے ہیں اور ورلڈ کپ سے قبل اس موقع پر نائب کپتان کی تقرری سرفراز احمد کی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔