پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کوترکی کے لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

جمعرات 13 ستمبر 2018 17:49

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کوترکی کے لیجن آف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2018ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کو پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے سلسلے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ترکی کی حکومت کی طرف سے اعلی ترین ملٹری ایوارڈ لیجن آف میرٹ سے نوازا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق انقرہ میں ترک فضائیہ کے ہیڈ کواٹرز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

ہیڈ کوارٹرز آمد پر ائیر چیف کوترک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

بعدازاںائیر چیف نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل حسن کیچیکاکیاز سے ملاقات کی۔دونوں معزز شخصیات نے پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔گفتگو کے دوران ائیر چیف نے اعلیٰ ایوارڈ دینے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں پر محیط قابل رشک تعلقات ہیں۔ جنرل حسن کیچیکاکیاز نے دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو سراہا۔دونوں معزز شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے درمیان بالخصوص باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔