سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کے حق میں فیصلہ سنا دیا

شریف فیملی کی شوگر ملز ہٹانے کے فیصلے کے خلاف اپیلیں خارج

جمعرات 13 ستمبر 2018 19:57

سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کے حق میں فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کے حق میں فیصلہ سنا دیا، شریف فیملی کی شوگر ملز ہٹانے کے فیصلے کے خلاف اپیلیں خارج کردیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں شریف فیملی کی شوگر ملز واپس منتقل کرنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے حسیب وقاص، اتفاق اور چوہدری شوگر ملز کو دو ماہ میں واپس اپنے پچھلے اور اصل مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے شریف خاندان کی اپیل مسترد کردی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ مالکان نے پاور پلانٹ کا کہہ کر شوگر ملیں لگادیں، یہ تو عدلیہ اور حکومت کے ساتھ فراڈ تھا، 2006 میں جنوبی پنجاب میں شوگر مل بنانے پر مکمل پابندی تھی، پابندی والے علاقے میں شوگر مل منتقل کرنا بھی نئی مل لگانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے عبداللہ شوگر مل سے متعلق اپیل منظور کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین متفق ہیں کہ عبداللہ شوگر مل کبھی دوسری جگہ منتقل نہیں ہوئی، ہائی کورٹ نے حقائق جاننے میں غلطی کی ہے۔ عدالت نے عبداللہ شوگر مل کی حد تک لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی اپیل پر شریف خاندان کیخلاف سنائے گئے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔