میاں افتخارحسین کی قیادت میں اے این پی وفد کی رائیونڈ آمد، میاں نواز شریف سے تعزیت اور دعا

جمہوریت کیلئے مرحومہ کلثوم نواز کا کردار ناقابل فراموش ہے، میاں افتخارحسین

جمعرات 13 ستمبر 2018 22:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین نے آج لاہور میں رائیونڈ کامختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت اور دعا کی۔ میاں نواز شریف نے میاں افتخارحسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ حاضرین کے سامنے چند کلمات ادا کریں۔

میاں افتخارحسین نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں اور انہی کی ہدایت پر پارٹی وفد رائیونڈ حاضر ہوا ہے۔ سابق خاتون اول کی سیاست میں خدمات اور جمہوریت کیلئے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ میاں نواز شریف کو سیاسی ادوار میں درپیش مشکلات کے دوران مرحومہ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور مشکل وقت میں انہوں نے مسلم لیگ کی صدارت بھی سنبھالے رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے ان کا کردار ناقابل فراموش ہے اور خاتون اول کی حیثیت سے وہ رول ماڈل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ انتہائی شریف النفس خاتون تھیںاور بدقسمتی سے ان کا ایسے وقت میں انتقال ہوا جب میاں صاحب اور مریم صاحبہ ان کے قریب نہیں تھے۔ انہوں نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔میاں افتخارحسین کے ساتھ وفد کے دیگر اراکین میں اے این پی پنجاب کے صدر حاجی عمرخان اور سیکرٹری اطلاعات امیربہادر خان ہوتی شریک تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے راجہ ظفر الحق، ایاز صادق، اقبال ظفر جھگڑا، مہتاب عباسی اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔