بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، ڈی جی خان، ژوب، ملتان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعرات 13 ستمبر 2018 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2018ء) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، ڈی جی خان، ژوب، ملتان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہووائوں/آندھی کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔ تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور ژوب ڈویژن میں(شام/رات) کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہیگا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم گوجرانوالہ، راولپنڈی، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب میں مری39، منگلا 34، سیالکوٹ08، جہلم05، کشمیر میں مظفرآباد01، خیبرپختونخوا میں کاکول 10، بالاکوٹ 05 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت دالبندین اور سبی 43، نوکنڈی، تربت، نورپورتھل اور بھکر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔