کرد باغیوں پر حملہ غیرملکی طاقتوں کو انتباہ کے لیے تھا، پاسدارانِ انقلاب ایران

2000کلومیٹر تک ماروالے میزائلوں سے غیرملکی طاقتوں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت حاصل ہوگئی ،بیان

جمعہ 14 ستمبر 2018 12:16

کرد باغیوں پر حملہ غیرملکی طاقتوں کو انتباہ کے لیے تھا، پاسدارانِ انقلاب ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2018ء) سپاہِ پاسداران انقلاب ایران نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے پڑوسی ملک عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانے پر میزائل حملہ طاغوتی غیرملکی طاقتوں کے لیے ایک انتباہ سمجھا جانا چاہیے۔سپاہِ پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے نیم سرکاری خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2000 کلومیٹر تک مار کرنے والے میزائلوں سے ایرانی قوم کو جابر غیرملکی طاقتوں کے خلاف لڑنے کی منفرد صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہاکہ جن غیرملکی طاقتوں کی ایران کی سرحدوں سے دو ہزار کلومیٹر نصف قطر میں مسلح افواج ،فوجی اڈے اور آلات موجود ہیں، انھیں جان لینا چاہیے کہ ہمارے میزائل ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔ایرانی حکام ایک عرصے سے امریکا کو ایک عالمی طاغوت قرار دیتے چلے آ رہے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ خلیج اور اس سے ماورا امریکا کے فوجی اڈے پاسداران انقلاب کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی زد میں ہیں۔جنرل جعفری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہماری حالیہ کارروائی میں دشمنوں کے لیے ایک بڑا واضح پیغام تھا ۔بالخصوص ان بڑی طاقتوں کے لیے جن کا یہ خیال ہے کہ وہ ہمیں ڈرا دھمکا سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :