Live Updates

عمران خان نے راولپنڈی تا میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا

سی پیک کے زیرتحت ایم ایل ون کے نام سے کراچی تا پشاورریلوے ٹریک بنائیں گے،جہاں تیز ترین ٹرین چلے گی، ریلوے کی زمینوں پربیٹھے غریب لوگوں کونہیں اٹھایا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 ستمبر 2018 15:43

عمران خان نے راولپنڈی تا میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14ستمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی تا میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے زیرتحت ایم ایل ون کے نام سے کراچی تا پشاورریلوے ٹریک بنا ئیں گے،جہاں تیز ترین ٹرین چلے گی،ریلوے کی زمینوں پربیٹھے غریب لوگوں کونہیں اٹھایا جائے گا۔انہوں نے آج راولپنڈی تا میانوالی ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ انگریزکے زمانے میں 11ہزار کلومیٹر کاریلوے ٹریک بنایا گیا جبکہ ہمارے حکمرانوں نے اب تک صرف 600 کلومیٹر تک ٹریک بنایا ہے۔

ریلوے ٹریکس بڑھائیں گے،دور دراز علاقوں تک ٹریکس لے جائیں گے۔ یہاں موٹروے بن جاتے ہیں جہاں غریب آدمی جانہیں سکتا۔ اور نہ ہی غریب کی کار چل سکتی ہے۔ہم نے پرانے انگریزوں کے بنائے اسٹیشن بھی ختم کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پہلی حکومت جس نے نیچے سے لوگوں کواوپر اٹھا دیا ہے۔ترقی ہوتی ہی یہی ہے کہ قوم نیچے سے اوپر جائے۔ مدینہ کی ریاست میں نبی پاک ﷺ نے غریبوں کواوپر اٹھایا۔

چین نے بھی اپنے غریبوں کی حالت بدلی ہے۔70ہزار لوگوں کوغربت سے نکالا۔پاکستان امیر امیر تراور غریب غریب ترہوتا جا رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں۔سی پیک کے نیچے ایم ایل ون کے نام سے کراچی سے پشاور تک ہم ریلوے ٹریک بنا رہے ہیں۔ اس سے ٹرین کی اسپیڈ بھی بڑھ جائے گی۔چین میں اس وقت تیز ترین ٹرینیں چلتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے شیخ رشید وہ کام کررہے ہیں جوعام آدمی کی سوچ ہے۔ٹرین کا سفر عام آدمی کا سفر ہے۔شیخ رشید نے کم عرصے میں تہلکہ مچا دیا ہے۔65سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے آدھی قیمت ہوگی ، یہ تومیرے لیے بھی آنے جانے میں آسانی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی زمین قبضہ مافیا سے واپس لیں گے۔100ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی ہے۔

ملک بھر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کیے جائیں گے۔ہم قرضوں پرجو سود دیتے ہیں وہ 6ارب روپے ہے۔کراچی میں جوریلوے کی زمین ہے اس کوبیچ کرہم قرضے واپس کرسکتے ہیں۔ریلوے کی کھربوں کی زمین خالی پڑی ہوئی ہے لوگوں نے اس پرقبضے کیے ہوئے ہیں۔ریلوے کی زمینوں پربیٹھے غریب لوگوں کونہیں اٹھایا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کوٹاپ کلاس کی یونیورسٹی بنائیں گے۔مری کے گورنر ہاؤس کوہوٹل بنائیں گے۔گورنرہاؤسز کوہوٹل بنا کرحکومت کروڑوں روپے کما سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری بات لکھ لیں ، دوسال انتظار کرلیں ، گورننس ٹھیک ہوگئی تویہ بے روزگاری اور قرضے اتر جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات