عالمی یوم جمہوریت ہمیں جمہوری اصولوں پر کاربند رہنے اور اس نظام حکومت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کراتا ہے،

اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور عوام کی، عوام کیلئے اور عوام کے ذریعے کی جانے والی حکومت کے فلسفہ اور نظام پر یقین رکھتے ہیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر خصوصی پیغام

جمعہ 14 ستمبر 2018 18:03

عالمی یوم جمہوریت ہمیں جمہوری اصولوں پر کاربند رہنے اور اس نظام حکومت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں جمہوری اصولوں پر کاربند رہنے اور اس نظام حکومت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور عوام کی، عوام کیلئے اور عوام کے ذریعے کی جانے والی حکومت کے فلسفہ اور نظام پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2007ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے منظور کردہ قرار داد کے نتیجہ میں 15 ستمبر کو عالمی یوم جمہوریت کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا اور 2008ء سے مسلسل یہ دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین نے اس دن کو پارلیمانی جوابدہی کی اہمیت کی مناسبت سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اور عالمی سطح پر یہ پارلیمانوں کا ایک اہم کام ہے کہ وہ حکومتوں پر نظر رکھے اور یہی ایک موثر جمہوریت کی نشانی بھی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کا انتخابی عمل رواں سال مکمل ہوا ہے اور ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو پرامن انتقال اقتدار کا مرحلہ خوش اسلوبی سے پورا ہوا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے نگرانی کے کردار کے حوالے سے سینیٹ اور اس کی کمیٹیوں نے اہم کردار ادا کیا اور حکومت پر کڑی نظر رکھی اور نگران حکومت کے کام کے علاوہ انتخابات سے پہلے، انتخابات کے دوران اور انتخابات کے بعد کے عمل کی مؤثر انداز میں نگرانی کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پروان چڑھتی ہوئی جمہوریت نے ابھی کافی سنگ میل عبور کرنے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ راستہ آسان تر ہو رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو عالمی یوم جمہوریت پر مبارکباد دی۔