لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیف سٹیز اتھارٹی پارٹنر ادارے بن گئے

سیف سٹی کی بدولت شہر میں جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے،سیف سٹی میں آکر خوشگوار حیرت ہوئی اور پاکستان پر فخر ہو رہا ہے ‘لاہور چیمبر لاہور چیمبرکے وفد کاپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ‘بطورسیف سٹی ایمبیسڈر لاہور چیمبر آگاہی مہم چلائے گا

جمعہ 14 ستمبر 2018 18:18

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیف سٹیز اتھارٹی پارٹنر ادارے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2018ء) سیف سٹی پراجیکٹ کی بدولت شہر میں جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ پنجاب پولیس کے افسران نے کم وقت میں جدید منصوبے کو مثالی انداز میں مکمل کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سیف سٹی اتھارٹی آکر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہیں اور پاکستان پر فخر ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک طاہر جاوید اور وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر کیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پارٹنر ادارے بن گئے ہیں اور لاہور چیمبر سیف سٹی پراجیکٹ کے ایمبیسڈر کے طور پرٹریفک قوانین کی پاسداری اور امن و امان کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کرنے والے 13رکنی وفد میں صدرملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، ناصر حمید، طاہر منظور و دیگر شامل تھے۔

وفد کو مینجنگ ڈائریکٹر ملک علی عامر نے پراجیکٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان اور چیف ایڈمن محمد کامران خان بھی بریفنگ میں شریک تھے۔ ملک علی عامر نے وفد کو بتایا کہ سیف سٹی کے انٹیگریٹڈ نظام کی بدولت پولیس رسپانس ٹائم میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ اتھارٹی شہر میں امن و امان کے قیام اور ٹریفک مینجمنٹ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔

ملک علی عامرنے بتایا کہ سیف سٹی نے شہر میں8ہزار کیمرے نصب کیے جن کے علاوہ ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈسیٹس رکھنے والا پولیس کا ہر جوان چلتا پھرتاکیمرہ ہے جس کی ویڈیو سینٹر سے دیکھی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر ملک طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کی بدولت شہر میں جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ امن و امان کے قیام اور ٹریفک کے نظام کی بہتری کیلئے لاہور چیمبر سیف سٹی پراجیکٹ کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو مکمل راہنمائی و امداد فراہم کر رہے ہیں اور پراجیکٹ کی بدولت عدالتوں کو بھی مدد مل رہی ہے۔ لاہور چیمبر کے وفد کو ایمرجنسی رسپانس ،ایڈوانس ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اورآپریشنز اینڈ مانیٹرنگ سینٹر بارے بریفنگ دی گئی۔ انہیں 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن، فیشل ریکگنایزیشن ٹیکنالوجی، اے این پی آر کیمروں بارے بھی بتایا گیا۔ دورے کے اختتام پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اورچیمبر آف کامرس میں یادگاری شیلڈزکا تبادلہ کیاگیا۔