ملک کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں ، آصف زرداری

عالمی یوم جمہوریت مناتے وقت ہمیں عوام کو جمہوریت کو لاحق ان نئے خطرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے،سابق صدر کا پیغام

جمعہ 14 ستمبر 2018 22:10

ملک کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں ، آصف زرداری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے 15ستمبر کو عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں ملک کے تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔ اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ قانون کی حکمرانی شفافیت، سب کے احتساب اور مخالفت کی آواز برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کو آئینی حدود میں کام کرنے اور ان کا احترام کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو وقت کے ساتھ خطرات کی نوعیت بھی بدل گئی ہے۔ ایک وقت تھا جبکہ جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہوتا تھا اور اسے نظریہ ضرورت لیگل فریم ورک آرڈر اور پی سی اوز کے ذریعے تحفظ دیا جاتا تھا اور ایسے اقدامات کو بی سی او جج تحفظ فراہم کرتے تھے۔

(جاری ہے)

اب وقت کے ساتھ جمہوریت کو درپیش خطرات کی نوعیت تبدیل ہوگئی ہے۔ جمہوریت کو انتہاپسندوں اور عسکریت پسندوں سے خطرہ لاحق ہے کیونکہ یہ لوگ طاقت کے ذریعے اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں نہ کہ پارلیمنٹ کے ذریعے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم جمہوریت مناتے وقت ہمیں عوام کو جمہوریت کو لاحق ان نئے خطرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم جمہوریت کی حفاظت کر سکیں۔ سابق صدر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ان لاتعداد سیاسی لیڈروں اور ورکروں کو جن کا تعلق مختلف سیاسی پارٹیوں سے ہے زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان لوگوں نے جمہوریت کے لئے عظیم اور بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔