پاکستان میں پانی کی قلت ہے ،حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کا استعمال بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،

زرعی مقاصد کے لئے ڈرپ ایریگیشن یا سپرے ایریگیشن اور لائننگ آف واٹر کینال اور واٹر ویز پر توجہ دینے کی ضرورت ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پانی کے معاملہ پر پیغام

جمعہ 14 ستمبر 2018 22:24

پاکستان میں پانی کی قلت ہے ،حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو پانی کے ضیاع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کا استعمال بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، زرعی مقاصد اور شہروں میں پانی کا استعمال اس انداز میں کیا جائے کہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ جمعہ کو پانی کے معاملہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک اہم مسئلہ پر قوم کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑی اہم بات یہ ہے کہ پاکستان میں پانی کی قلت ہے اور پانی کی قلت کا مسئلہ گلوبل وارمنگ سے بھی متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر پانی ضائع بھی ہو رہا ہے، ہم جس طریقہ سے پانی استعمال کر رہے ہیں وہ اچھا طریقہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ڈیموں کیلئے فنڈز اور عطیات جمع کرنے کا جو کام شروع کیا ہے جس کو وزیراعظم نے بھی سپورٹ کیا ہے اس حوالہ سے میں سمندر پار پاکستانیوں سے خاص طور پر اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس طرف توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے لیکن مستقبل میں مزید قلت کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے دو چیزوں کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں، ایک تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ حکومت انشاء اللهٴ اس بات کی کوشش کرے گی کہ زرعی فارمنگ اچھے انداز میں کی جائے اور پانی کا ضیاع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے ڈرپ ایریگیشن یا سپرے ایریگیشن پر توجہ دی جائے اور لائننگ آف واٹر کینال اور واٹر ویز پر توجہ دی جائے مگر شہروں کے اندر بھی احتیاط کی جائے۔

حضور نبی کریمؐ کی حدیث مبارکہ ہے جو پانی کے استعمال سے متعلق ہے، وہ حدیث یہ ہے کہ اگر دریا کے پاس بھی تم وضو کر رہے ہو تو پانی کے استعمال میں احتیاط کروِِ۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ شہروں کے اندر لوگوں کو یہی کرنا چاہئے کہ پانی کا ضیاع نہ کریں اور پانی کو کنزرو کرنے کے حوالہ سے جو کام زراعت میں ہو سکتا ہے، جو شہروں کے اندر ہو سکتا ہے ہمیں کرنا پڑے گا، زندہ قوموں کی یہ مثال ہوتی ہے کہ ہر فرد یہ سارے کام اپنی ذمہ داری سمجھ کر انجام دیتا ہے، حکومت بھی آپ کا ساتھ دے گی اور اس کام کو چیمپیئن کرے گی مگر ہم مل کر اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں۔