Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کی تاریخ کا اعلان کردیا

نومبر میں چین کا دورہ کروں گا، ریلوے کے شعبہ میں اور غربت میں کمی لانے کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے: خصوصی تقریب سے خطاب

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 ستمبر 2018 22:09

وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کی تاریخ کا اعلان کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ریلوے کے شعبہ میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، نومبر میں چین کا دورہ کروں گا۔ وہ جمعہ کو یہاں ایوان وزیراعظم میں راولپنڈی ایکسپریس اور میانوالی ریل کار کے افتتاح کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ وزیر ریلوے شیخ رشید کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے آتے ہی قلیل عرصہ میں اسی طرح تہلکہ مچا دیا ہے جس طرح وہ انتخابی مہم کے دوران ہمارے دھرنے کے دوران تقریروں میں مچایا کرتے تھے۔

ریلوے میں سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وزیر ریلوے جو بھی کام کر رہے ہیں اس میں ان کی سوچ عام آدمی کی بہتری کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ انگریز کی غلامی ختم ہونے کے بعد ہمارے حکمرانوں نے عوام کو اسی نظر سے دیکھنا شروع کیا کہ وہ ان کے غلام ہیں۔ ہمارا ٹیکسیشن کا نظام ایسا ہے کہ اس میں امیر آدمی ٹیکس نہیں دیتا، 90 فیصد ان ڈائریکٹ ٹیکس ہیں، مہنگائی کر کے ٹیکس لیا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹرین کا سفر عام آدمی کا سفر ہے۔ جو حکومتیں عوام کا سوچتی ہیں وہ ہمیشہ اپنے ٹرین کے نیٹ ورک کو ترقی دیتی ہیں۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ انگریز اس ملک میں 11 ہزار کلو میٹر ریلوے ٹریک چھوڑ کر گیا تھا اور 70 سال میں پاکستان نے 600 کلو میٹر ریلوے ٹریک بچھایا۔ اس ملک میں موٹر ویز بن جاتی ہیں لیکن موٹر وے پر غریب آدمی نہیں جا سکتا کیونکہ اس کے پاس ایسی گاڑی نہیں ہوتی کہ وہ موٹر وے پر جا سکے۔

اسے ہر وقت حادثے کا ڈر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایلیٹ ازم کی سب سے بڑی نشانی ہے۔ ہم نے عام آدمی کے لئے پٹڑیاں بچھانے کی بجائے انگریز کے بنائے ہوئے اسٹیشن بھی ختم کر دیئے، لیکن اب ہماری حکومت غریب آدمی کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے گی۔ ہمارے دور حکومت میں امیر اور غریب کے لئے یکساں ترقی ہوگی، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک چھوٹا گروہ امیر سے امیر تر ہوتا جائے اور باقی پوری قوم غریب رہے۔

ہماری حکومت کی پالیسی ہوگی جس میں ہر چیز عام آدمی کی بہتری کے لئے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی سے پوری قوم ترقی کرتی ہے، ایک مخصوص طبقہ کے امیر ہونے سے کوئی قوم ترقی نہیں کرتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں چین نے ثابت کیا ہے کہ وہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی طاقت بن گئی ہے۔ چین نے جس رفتار سے ترقی کی، وہ مثالی ہے۔ وہ ایک سال میں اتنا ریلوے ٹریک بچھا لیتے ہیں جتنا ہم ستر سالوں میں نہیں بچھا سکے۔

ہمیں خوشی ہے کہ سی پیک کے تحت ہم ریلوے ٹریک بچھا رہے ہیں۔ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون سی پیک کے تحت ہو گی۔ چین کے ساتھ ہمارے زبردست تعلقات ہیں وہ دنیا میں ریلوے کے نظام میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔ ریلوے میں چینی ٹیکنالوجی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ نومبر میں چین کا دورہ کریں گے، وزیر ریلوے کو بھی اپنے ہمراہ لے کر جائیں گے تاکہ وہ چین کے ریلوے کے نظام اور تجربہ سے فائدہ اٹھا سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات