ایبٹ آباد کے 8 سکولوں کی ناقص تعمیرات پر سب ڈویژنل آفیسر اور دو سب انجینئرزمعطل،تحقیقات کا حکم

وزیر مواصلا ت و تعمیرات اکبر ایوب خان کو سی اینڈ ڈبلیو افسران کی تعمیراتی کاموں کی موجودہ صورتحال پر طویل بریفنگ

ہفتہ 15 ستمبر 2018 11:00

ایبٹ آباد کے 8 سکولوں کی ناقص تعمیرات پر سب ڈویژنل آفیسر اور دو سب انجینئرزمعطل،تحقیقات ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلا ت و تعمیرات اکبر ایوب خان نے ضلع ایبٹ آباد کے 8 پرائمری سکولوں کی تعمیر کیلئے ایڈوا نس ادائیگی کے باوجود تعمیراتی کام شروع نہ کرنے اور ناقص تعمیرات پر ایک سب ڈویژنل آفیسر اور دو سب انجینئرز کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ صوبائی وزیر نے حال ہی میں تعمیر کئے گئے لنک روڈ اور کالج روڈ ایبٹ آباد کے ناقص تعمیراتی کام کی بناء پر سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن ایبٹ آباد کے ایک سب ڈویژنل آفیسر اور دو سب انجینئرز کو بھی ابتدائی طور پر تین ماہ کیلئے معطل کر دیا ہے۔

وزیر مواصلات و تعمیرات نے ڈنہ بلولیہ روڈ ایبٹ آباد کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس بارے میں صوبائی وزیر کے باقاعدہ احکامات جمعہ کے روز سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو پشاور کے دفتر سے جاری کئے گئے ہیں جس میں انکوائری افسران کو ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے جمعرات کو ایبٹ آباد میں ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے سی اینڈ ڈبلیو افسران سے تعمیراتی کاموں کی موجودہ صورتحال پر طویل بریفنگ لی تھی اور بعد ازاں ایبٹ آباد میں بعض حالیہ تعمیرات اور جاری منصوبوں کا معائنہ کیا تھا۔

اس دوران صوبائی وزیر نے اس امر کا نوٹس لیا کہ ایبٹ آباد سے صوبائی اسمبلی کے سابق حلقوں پی کے 45, 46 44, میں آٹھ ایسے پرائمری سکول موجود ہیں جن کی تعمیر کیلئے ٹھیکیدار کو فنڈز جاری کرنے کے باوجود ان پر کام شروع نہیں کیا گیا یا ان پر معمولی اور غیر معیاری کام کیا گیا۔ اس بارے میں اجلاس میں موجود عوامی نمائندوں نے بھی شکایات کا اظہار کیا تھا۔

ان میں ڈنہ علی آباد، مصر، اپر لاہور، صو بن گلی، محلہ نور دین بازار، گدی، بیر والی اور حاریاں کے سکول شامل ہیں۔ اسی طرح مری روڈ کے معائنہ کے دوران اکبر ایوب خان نے ان منصوبوں میں موجود نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو انہیں فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیا۔ صوبائی وزیر نے بعض مقامی لوگوں کی اس شکایت پر تشویش کا اظہار کیا کہ نو تعمیر کردہ چنار روڈ کے ایک جانب پانی کی نکاسی کیلئے نالہ تعمیر ہی نہیں کیا گیا جو منصوبہ میں بھی شامل تھا جبکہ ادائیگی کے باوجود اس منصوبہ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے لنک روڈ اور کالج روڈ کی غیر معیاری تعمیر پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور سڑکوں پر بنائے گئے تمام فٹ پاتھوں کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر اکھاڑ کر دوبارہ تعمیر کرنے کا حکم دیا۔ ان تعمیرات میں لاپرواہی پر سی اینڈ ڈبلیو کے متعلقہ عملہ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اکبر ایوب خان نے سی اینڈ ڈبلیو کے سب ڈویژنل آفیسر سید طارق شاہ ، سب انجینئر محمد ظہیر اور سب انجینئر زاہد امین کو معطل کر دیا۔