جنیوا میں شام کی آئینی کمیٹی کے حوالے سے بات چیت ناکام

ہفتہ 15 ستمبر 2018 12:24

جنیوا میں شام کی آئینی کمیٹی کے حوالے سے بات چیت ناکام
جنیوا۔ 15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) جنیوا میں شام کے لیے آئینی کمیٹی تشکیل دینے کے حوالے سے بین الاقوامی سطح کی ملاقاتوں کا سلسلہ کسی بھی حتمی معاہدے تک پہنچے بغیر اختتام پذیر ہو گیا۔شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن ڈی میستورا کی جانب سے اس اجلاس کا انعقاد "مِنی ورکنگ گروپ" کے ممالک کے ساتھ مل کر کیا گیا تھا۔

ورکنگ گروپ میں شامل ممالک امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی، سعودی عرب، مصر اور اردن ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ایلچی نے اجلاس میں سامنے آنے والے امور پر روشنی ڈالنے سے انکار کر دیا اور ان کی ٹیم نے سرکاری طور پر اجلاس کے اختتام پذیر ہو جانے کے اعلان پر اکتفا کیا۔ اجلاس میں شام کے لیے آئینی کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے اتفاقِ رائے نہ ہو سکا۔

اس دوران شامی اپوزیشن کے وفد نے نصر حریری کی سربراہی میں "مِنی ورکنگ گروپ" کے ممالک کے وفود کے سربراہان کے ساتھ ملاقات کی۔ جنیوا میں ہونے والی بات چیت کے مقرّب ذرائع نے بتایا کہ ترکی روس اختلافات اور ماسکو کی جانب سے آئینی کمیٹی کے ضمن میں آزاد اور خود مختار شخصیات کی فہرست کو مسترد کیا جانا ان دونوں امور نے ڈی میستورا کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے۔