ایس ای سی پی کی کیپٹل مارکیٹ اور سرمایہ کاری بارے شعور اجاگر کرنے کے سلسلہ میں یونیورسٹی آف کراچی، اقراء یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے ساتھ مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

ہفتہ 15 ستمبر 2018 13:58

ایس ای سی پی کی کیپٹل مارکیٹ اور سرمایہ کاری بارے شعور اجاگر کرنے کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات میں کیپٹل مارکیٹ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اورسرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے یونیورسٹی آف کراچی، اقراء یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے ساتھ مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یاداشتوں پر ایس ای سی پی کے کمشنر شوزب علی جبکہ یونیورسٹیوں کی جانب سے ڈاکٹر طاہر علی، ڈاکٹر عرفان حمید اور ڈاکٹر سید عرفان حیدر نے دستخط کئے۔ایس ای سی پی کی آگہی مہم برائے سرمایہ کاران ’’جمع پونجی‘‘ کے تحت کراچی کی ان تین بڑی یونیورسٹیوں کے تعاون سے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور لوگوں میں اپنی بچتوں کو محفوظ اور منافع بخش انداز میں استعمال کرنے کیلئے شعور بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کی مہم ’’جمع پونجی‘‘ کا بنیادی مقصد عوام الناس بالخصوص طلباء میں مالیاتی شعور کا فروغ ہے۔ ایس ای سی پی سیمینارز، ورک شاپس اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے ان یونیورسٹیوں کے طلبہ کو مالیاتی اور سرمایہ کاری سے متعلقہ معاملات کی سمجھ بوجھ بڑھانے میں معاونت فراہم کرے گا۔ مزید برآں ایس ای سی پی ان یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور تدریسی عملے کو بھی اس بابت تربیت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

شوزب علی نے ملک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے یونیورسٹی کے سربراہان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کپیٹل مارکیٹ کو فروغ دینے اور نوجوانوں میں مالیاتی خواندگی اجاگر کرنے کے لئے ایس ای سی پی کا انویسٹر ایجوکیشن پروگرام اور اس کا پیغام ملک بھر میں موجودہ اور ممکنہ سرمایہ کاروں تک پھیلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مالیاتی شعبے کی ترقی کیپٹل مارکیٹ کے ساتھ جڑی ہے اس لئے تمام شراکت داروں بشمول صنعت کاروں، تعلیمی اداروں اور ریگولیٹرز کو مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

یونیورسٹی سربراہان نے ایس ای سی پی کی کاوشوں کو سراہا اور ’’جمع پونجی‘‘پروگرام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہا رکیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بچتوں اور سرمایہ کاری کے کلچر کا فروغ از حد ضروری ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس ضمن میں ایم او یو کے مطابق فعال کردار ادا کریں گے۔