Live Updates

عمران خان کو 5 ملین گھروں کی تیاری پر مفت مشورہ دے رہا ہوں

میں نہ تو کوئی رسمی عہدہ لے رہا ہوں نہ ہی پاکستان میں کوئی بزنس کرنے کا ارادہ ہے۔ انیل مسرت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 ستمبر 2018 14:14

عمران خان کو 5 ملین گھروں کی تیاری پر مفت مشورہ دے رہا ہوں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 ستمبر 2018ء) : غریب عوام کے لیے 5 ملین گھروں کی تیاری کے سلسلے میں پاکستانی نژاد برطانوی تاجر شخصیت انیل مسرت کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد انیل مسرت کی عمران خان اور دیگر وفاقی وزرا کے ساتھ تصاویر وائرل ہوئیں جن پر شُبے کا اظہار کیا گیا۔ انیل مسرت پر اب پیدا ہونے والے شُبہات سرکاری میڈیا کی ان تصاویر سے پیدا ہوئے، جن میں وزیراعظم کو برطانوی شہریوں انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر کے ہمراہ ایک اجلاس میں دکھایا گیا تھا۔

میڈیا میں ان کے کردار اور نئی حکومت میں ان کی پوزیشن سے متعلق کئی سوالات اُٹھے۔صاحبزادہ جہانگیر، جوکہ فوزیہ قصوری کے بڑے بھائی ہیں، وہ عمران خان کے قریبی دوستوں اور پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وہ سمندر پار پاکستانیوں پر عمران خان کے مشیر بھی ہیں جبکہ انیل مسرت کے عمران خان سے2004 سے تعلقات ہیں۔ اس معاملے پر عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ اپنے قریبی عزیزوں کو عہدے دینا شروع ہو گئے ہیں۔

تاہم اب انیل مسرت نے ناقدین کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے واضح کہہ دیا ہے کہ میں 5 ملین گھروں کی تعمیر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو مفت مشورے دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی رسمی عہدہ بھی نہیں لیا۔ انیل مسرت نے کہا کہ میں پاکستان میں بزنس کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ اللہ کا شکر ہے کہ میرے یورپ اور برطانیہ میں منافع کمانے والے بزنسز موجود ہیں۔

میری دلچسپی کی واحد وجہ میرا پاکستانی ہونا اور میری وطن کو کچھ دینے کی خواہش ہے۔ انیل مسرت نے واضح طور پر بتا دیا کہ میں عمران خان کی جانب سے ہاؤسنگ پر بنائی گئی ٹاسک فورس کو مشاورت کی فراہمی پر بھی کوئی معاوضہ وصول نہیں کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال میں برطانیہ میں9000 مکانات بنا کر دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں، جن کی قیمت فروخت 2 ارب پاؤنڈز ہوگی۔

رہائشی منصوبوں کے حوالے سے میری وزیراعظم عمران خان سے گفتگو ہوئی اور انہیں میری تجاویز اچھی لگیں، جس کے بعد انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ میں ان کی ٹاسک فورس کا حصہ بنوں۔ میں اپنی ہاؤسنگ کمپنی کے ترقیاتی ماہرین کو استعمال کروں گا جو پاکستانی حکومت کو مشورہ دیں گے۔ اس کا بنیادی مقصد غربت کا خاتمہ اور پاکستان کو معاشی طور پر بحالی کی طرف لانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے بتائے ہوئے منصوبے پر عمل ہوا تو 5 ملین مکانات کی تعمیر کے لیے 6 ملین ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات