Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی اپنوں پر نوازشات

وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر تعینات کیے جانے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 ستمبر 2018 15:02

وزیراعظم عمران خان کی اپنوں پر نوازشات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 ستمبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر تعینات کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ لندن میں ایوارڈ تقریب کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر کی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں اور حرکات پر وزارت خارجہ پاکستان نے سخت نوٹس لیا تھا۔ برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی اور ان کی حرکات بھی مشکوک تھیں جس پر وزارت خارجہ پاکستان نے سخت نوٹس لے کر ہائی کمشنر کو وضاحت کے لیے طلب کی۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کا سخت نوٹس لے کر انہیں وضاحت کے لیے پاکستان طلب کررکھا ہے۔ اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کے دیرینہ ساتھی کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر تعینات کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ احمد خان نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے عہدے کا چارج تقریباً دو ماہ قبل سنبھالا تھا لیکن گذشتہ چالیس سال سے عمران خان کے ساتھ رہنے والے ان کے قابل اعتبار ساتھی اور دوست صاحبزادہ جہانگیر ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ صاحبزادہ جہانگیر کو پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے بھی کافی حمایت حاصل ہے۔ صاحبزادہ جہانگیر فوزیہ قصوری کے بھائی ہیں جو لندن میں گذشتہ 40 سال سے مقیم ہیں۔ عمران خان کے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لینے کےبعد صاحبزادہ جہانگیر کو کم و بیش 2 سے 3 مرتبہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دیکھا گیا۔ صاحبزادہ جہانگیر کو عمران خان کی زیر صدارت 5 ملین گھروں کی تعمیر پر تشکیل دی جانے والی ٹاسک فورس کی میٹنگ میں بھی دیکھا گیا۔

جس کے بعد انہیں عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ اور وزیر اعظم آفس میں بھی دیکھا گیا۔ عمران خان نے صاحبزادہ جہانگیر کو وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے بھی خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کو صاحبزادہ جہانگیر کو برطانیہ میں ہائی کمشنر تعینات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ وہ عمران خان کے وژن کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اس وقت جب پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں سرد مہری کا خدشہ ہے تو ایسے رہنما کی برطانوی ہائی کمشنرکے طور پر تعیناتی سے برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو خوشگوار کرنے میں مدد ملے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات