قومی کرکٹرز کی کلائیوں پر موجود سبز بینڈز کا راز کھل گیا

فزیو کلف ڈیکن نے ٹریننگ کے دوران یہ بینڈ کھلاڑیوں کو دیئے تھے: کپتان سرفرازاحمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 ستمبر 2018 15:03

قومی کرکٹرز کی کلائیوں پر موجود سبز بینڈز کا راز کھل گیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15ستمبر2018ء) فزیو کلف ڈیکن کی جانب سے دیئے جانےوالے اس تحفے پر چیمپئن مائنڈ سیٹ کے الفاظ تحریر ہیں۔ قومی کرکٹرز کی کلائیوں پر موجود سبز بینڈز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آئندہ سال شیڈول ورلڈکپ کےلئے تیاریوں کا آغاز کرچکے ہیں، فزیو کلف ڈیکن نے ایبٹ آباد میں فوجی ٹریننگ کے دوران کلائی پر پہننے کےلئے یہ بینڈ تمام کھلاڑیوں کو دیئے تھے،انکا مقصد یہ ہے کہ میگاایونٹ تک سفر میں جب بھی کبھی کوئی منفی سوچ آئے تو یہ بینڈ ہمت جوان کرنے میں مدد دے۔

فاسٹ باﺅلر حسن علی نے کہا کہ فزیو یہ بینڈ جنوبی افریقہ سے ہمارے لئے بنواکر لائے تھے،چیمپئن مائنڈ سیٹ رکھتے ہوئے ہی اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے منزل پانے میں کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

آل راﺅنڈر محمد نواز نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل ایشیا کپ اور اہم سیریز کے ہر مشکل وقت میں یہ بینڈ ہمیں حوصلہ دیتا رہے گا۔ اوپنرشان مسعود نے کہا کہ گرین بینڈ برے وقت میں بھی ثابت قدم اور توانا رہنے کا کوڈ ورڈ ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائےگا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی اور اب انکے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائےگا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو ہانگ کانگ ٹیم کےخلاف مہم کا آغاز کرےگی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر 4مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔ ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔