الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اب تک 6 ہزار 319 ووٹروں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ، رجسٹریشن کا عمل پیر کی صبح 9 بجے تک جاری رہے گا

ہفتہ 15 ستمبر 2018 15:40

الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اب تک 6 ہزار 319 ووٹروں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے جبکہ رجسٹریشن کا عمل پیر کی صبح 9 بجے تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اب تک 9 ہزار 965 اوورسیز پاکستانی تارکین وطن نے اپنے ای میل اکائونٹس بنائے ہیں جن میں سے 6 ہزار 319 بطور ووٹر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ اس ضمن میں 364 شکایات یا انکوائریاں بھی موصول ہوئی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے قبل ازیں اوورسیز پاکستانیوں کی ضمنی انتخاب میں ووٹ کے حق کے لئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 ستمبر مقرر کی تھی تاہم اس میں دو روز کی توسیع دے دی گئی ہے۔ اب رجسٹریشن پیر کی صبح 9 بجے تک جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں پر 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پاکستانی تارکین وطن کو آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ کا حق دیا جا رہا ہے۔