منگلا ڈیم کے بعد نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت کا انمٹ ثبوت ہے، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان

ہفتہ 15 ستمبر 2018 18:53

منگلا ڈیم کے بعد نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں ..
مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ منگلا ڈیم کے بعد نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت کا انمٹ ثبوت ہے۔نیلم جہلم منصوبے کے دوران ماحولیاتی مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔مظفرآباد شہر کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے جھیلوں پرکام جلد از جلد شروع کیا جانا ناگزیر ہے ۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار واپڈا ہاوس لاہور میں اظہار خیال کرتے ہوے کیا۔اس سے پہلے جب وزیراعظم واپڈا ہاوس پہنچے تو چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل اسلم نے داخلی دروازے پران کا استقبال کیا۔چیف سیکرٹری آزادکشمیر،چیف ایگزیکٹیو واپڈا، پراجیکٹ ڈائریکٹر نیلم جہلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر کو چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ اورعوامی مفاد کے منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دارالحکومت میں سیوریج کے پلانٹس جھیلوں کی تعمیر اور زیادہ مقدارمیں پانی چھوڑاجانا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگرمنصوبہ جات پر کام شروع کرنے سے پہلے ماحولیاتی مسائل حل کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ مزید منصوبہ جات پر کام سے پہلے آزادکشمیر کے ساتھ معاہدے پرجلددستخط ہوجائیں تا کہ بہتر انداز میں آگے بڑھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ منگلا ڈیم سے میرپور کو پینے کے پانی کے معاملے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ عوامی تحفظات کا ازالہ ناگزیر ہے۔اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے کہا کہ نیلم جہلم کے باعث دارالحکومت کو درپیش ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے واپڈا ہرممکن تعاون کریگا۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ معاہدہ کے ڈرافٹ پر مکمل اتفاق ہے فنانس ڈویثرن نے اب اس پر عملدرآمد کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میرپورکو پینے کے لیے پانی کی فراہمی پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں آزادکشمیر حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں دارلحکومت کے ماحول کوبچانے کے لیے واپڈا اپنی ذمہ داریاں پوری کریگا اورجو معاملات وفاقی حکومت تک ہیں ان میں بھی بھرپور تعاون کرینگے۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ آزادکشمیر کو بجلی کے واٹریوزیج چارجز دیگرصوبوں کے برابرکرنے کے حوالے سے واپڈا کومکمل اتفاق ہے اس حوالے سے واپڈا جلد آزادکشمیر کابینہ کے اراکین کو تفصیلی بریفنگ دے گا۔