Live Updates

پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کی کھلم کھلی توہین عدالت

ملک کی بقا کیلئے اہم کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کردیا، اس سے قبل چیف جسٹس نے کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 ستمبر 2018 21:48

پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کی کھلم کھلی توہین عدالت
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15ستمبر 2018ء) پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کی کھلم کھلی توہین عدالت، ملک کی بقا کیلئے اہم کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کردیا، اس سے قبل چیف جسٹس نے کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ کے وزیر ناصر حسین شاہ نے کھلم کھلی توہین عدالت کی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے نفرت انگیز اور توہین انگیز لہجہ اختیار کیا اور مطالبہ کیا کہ ملک میں جو کوئی بھی کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی بات کرتا ہے، اس پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلایا جانا چاہیئے۔ ناصر حسین شاہ نے یہ مطالبہ چیف جسٹس کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا جس میں میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ملک میں اتفاق رائے پیدا ہو جائے تو کالا باغ ڈیم بھی بنائیں گے، جبکہ ڈیموں کی تعمیر کی مخالفت کرنے والوں پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پیپلز پارٹی پاکستان کے مفادات کیخلاف جاتے ہوئے اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے پاکستان میں نئے ڈیموں کی تعمیر کی مخالفت کیلئے سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے ہفتے کے روز لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ڈیمز فنڈ میں بھرپور حصہ لیا۔

پانی کی قلت کا واحد حل ڈیمز ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیمز فنڈ اب تحریک بن گئی ہے۔ خواجہ سراؤں کی جانب سے ایک لاکھ روپے دیے۔ خواجہ سرا بھائیوں کی طرف سے اپنے پاس سے ایک لاکھ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔اخوت کی طرف سے 10لاکھ روپے کا عطیہ دیا گیا۔ پاک فوج کی جانب سے ایک ارب روپے کا چیک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم میں یکجہتی ہوگی توکالاباغ ڈیم بھی بنائیں گے۔

کالاباغ ڈیم ہی ملک وقوم کی بقاء کا ضامن ہے۔ اس سے قبل آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں زمین سے پانی نکال کرمنرل واٹر کے طور پربیچنے والوں کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے آج سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں منرل واٹر کمپنیوں کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 6 کا باریک بینی سے مطالعہ کررہا ہوں۔

تاکہ ڈیم کی مخالفت کرنے والوں کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم ہوسکے۔ کیونکہ ڈیمزبننے کی مخالفت کرنے والے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں صرف ملک وقوم کی خدمت کررہا ہوں، مجھے ریٹائرمنٹ کے بعد کسی عہدے کی ضرورت یا کسی عہدے کا شوق نہیں ہے۔ریٹائرمنٹ کے بعد مجھے کسی بھی عہدے کی پیشکش کرنے والے شرمندہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی خدمت کرنی چاہیے۔

 یہاں یہا بات بھی واضح رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کررکھا ہے۔ فنڈ میں شہریوں سمیت اداروں کے ملازمین اور طلباء ،اوورسیزپاکستانی بڑھ چڑھ کراپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں اب تک 3 ارب27 کروڑاور پانچ لاکھ سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ڈیمز فنڈ قائم کرنے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار کوخراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قوم سے خطاب میں وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کواکٹھا کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں سمیت تمام شہریوں کو ڈیمز فنڈ میں عطیات جمع کروانے کی اپیل بھی کررکھی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات