رائے ونڈ،بیگم کلثوم نواز کے قلوں کے ختم کی تقریب کا شیڈول تبدیل

اتوار 16 ستمبر 2018 00:19

رائے ونڈ،بیگم کلثوم نواز کے قلوں کے ختم کی تقریب کا شیڈول تبدیل
رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2018ء) بیگم کلثوم نواز کے قلوں کے ختم کی تقریب کا شیڈول تبدیل کر دیا گیاہے، مذکورہ فیصلہ بیگم کلثوم نواز کے جنازہ پر پولیس کے عدم تعاون کی وجہ سے کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنے کے باعث کرنا پڑا ہے تاکہ کارکنوں کو مزید زحمت نہ ہو ،اور دور دراز سے آنے والے لوگ پریشانی سے بچ سکیں ، یادرہے کہ گزشتہ روز جمعہ کے دن بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کے وقت ہزاروں کارکنوں کو جناز گاہ پہنچنے میں شدید دقت اور کوفت کا سامنا کرنا پڑا ،ہزاروں لوگ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے جنازے میں شریک نہیں ہو سکے،بے پناہ ہجوم کی وجہ سے لوگوں کی جیبیں کٹ گئیں،اوربھگدڑمچی رہی جس کے باعث مولانا طارق جمیل اپنا بیان بھی نہیں کر سکے تھے،چنانچہ تمام صورتحال کا جائزہ لے کر یہ فیصلہ کیا گیا کہ رسم قل کی بڑی تقریب منعقد کرنے کی بجائے کارکنوں کو اپنے اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے دعائیہ تقاریب منعقد کرنے کی ہدایت کی جائے، کیونکہ ٹریفک پولیس بوجہ تعاون نہیں کررہی ،ہفتہ کے روز میاں نوازشریف نے مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی قبر پر پھول رکھے اور فیملی کے ممبران کے ساتھ فاتحہ خوانی کی ،آج شام 5بجے فارم کے اندر فیملی کے افراد اور اہم مسلم لیگی رہنماء و دیگر شخصیات قلوں کے ختم میں شریک ہوں گی یہ تقریب سادگی سے منعقد کی جائے گی۔