مقبوضہ کشمیر : نوجوانوںکی شہادت پر کولگا م ، اسلام آباد کے اضلاع میں مکمل ہڑتال

بھارتی فورسز نے ضلع بانڈی کے علاقوں شیخ مقام، سم لرچھان محلہ کومحاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کر دی

اتوار 16 ستمبر 2018 15:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چھ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر کولگام اور اسلام آباد کے اضلاع میں آج مکمل ہڑتا ل ہے۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے گلزار احمد پڈر ، فیصل احمد راتھر، زاہد احمد میر، مسرور احمد مولوی ، ظہور احمد لون اور رئوف احمد کو ہفتے کے روز ضلع کولگام کے علاقے چوگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔

(جاری ہے)

سرینگر اور بانیہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس آج دوسرے روز بھی معطل ہے۔دریں اثنا سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو شاندرا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ مشترکہ حریت قیادت نے نوجوانوں کی شہادت پر(آج) پیر کو پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ادھر بھارتی فورسز نے ضلع بانڈی کے علاقوں شیخ مقام، سم لرچھان محلہ کومحاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ۔ آخری اطلاعات تک تلاشی آپریشن جاری تھا۔