Live Updates

وزیراعظم کی زیرصدارت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس

چیف سیکریٹری سندھ نے وزیراعظم عمران خان کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 16 ستمبر 2018 17:33

وزیراعظم کی زیرصدارت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 ستمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ،کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی اور انٹیلی جنس اداروں کے حکام شریک تھے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے وزیراعظم عمران خان کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ڈی جی رینجرز نے وزیراعظم کو کراچی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ کراچی آپریشن سے جرائم میں 90فیصد کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارگردگی قابل ستائش ہیں ان کی قربانیوں سے ہی کراچی میں امن ممکن ہوا۔

عمران خان نے امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کی ہر ممکن خدمت کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان اپنے ایک روزہ دورے کے دوران روایت کے برعکس تمام اجلاسوں کی صدارت گورنر ہاؤس کے بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں کر رہے ہیں۔ رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی زیر قیادت وفاق کی جانب سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اجلاس بھی ہو گا۔

اس اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو گرین لائن بس منصوبہ، فراہمی آب کے منصوبہ 'کے فور' اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی جائے گی۔کراچی کے ایک روزہ دورے میں عمران خان تاجروں، صحافیوں سمیت مخلتف سیاسی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اور مزار قائد پر پھولوں کی چارد بھی چڑھائی۔عمران خان نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔س موقع پر بھی وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنرسندھ عمران اسماعیل ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراعظم نے محترمہ فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات