نواز، زرداری ملاقات، جیل کے واقعات پربھی تبادلہ خیال

والدہ کی حالت بگڑی توپیرول پررہائی ملی،والدہ کا آخری ٹپکا آنسو آج بھی تکلیف دیتا ہے، آصف زرداری کی گفتگو، عملی طورقید تنہائی میں ہوں،بیٹی سے بھی ہفتے میں ایک دن ملنے دیا جاتا، سابق وزیراعظم نوازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 16 ستمبر 2018 21:16

نواز، زرداری ملاقات، جیل کے واقعات پربھی تبادلہ خیال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2018ء) سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر مملکت آصف زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں آصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نوازشریف سے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پراظہار افسوس کیا،اس موقع پر نوازشریف اور آصف زرداری نے دوران قید واقعات بھی سنائے۔ آصف زرداری نے بتایا کہ میری والدہ جب بیمار تھیں تومیں بھی جیل میں تھا ، مجھے پیرول پررہائی مل رہی تھی لیکن میں نے رہائی لینے سے انکار کیا تواپنی بہن کے اصرار پرپیرول پررہا ئی لی۔

اپنی والدہ سے اسپتال ملنے گیا توان کی حالت بگڑ چکی تھی۔ میری والدہ کی آنکھوں سے آخری لمحے ٹپکا آنسو آج بھی تکلیف دیتا ہے۔ اس موقع پرسابق وزیراعظم نوازشریف نے بتایا کہ میری ساتھ والی بیرک خالی ہے، میں عملی طور پرقید تنہائی میں ہوں۔

(جاری ہے)

مجھے میری بیٹی سے بھی نہیں ملنے دیا جاتا۔ مریم سے بھی ہفتے میں ایک بار ملاقات ہوتی ہے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کی، جس میں انہوں نےنوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں رضا ربانی ، فرحت اللہ بابر ،قمر زمان کائرہ ،شیریں رحمان، لطیف کھوسہ، رحمان ملک،مصطفی نواز کھوکھر،عزیز الرحمن چن موجود تھے جبکہ اس موقع پر محمد شہباز شریف اور دیگر بھی موجود تھے ۔آصف زرداری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نڈر اور بہادر خاتون تھیں۔پورا ملک جمہوریت کیلئے انکی جد و جہد کو یاد کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ہم بھی شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ آخری وقت بیمار بیگم کے ساتھ نہیں گزار سکا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکر گزارہوں کہ انہوں نے تکلیف اور دکھ کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔

پیپلز پارٹی کا وفد نماز جنازہ میں بھی شریک ہوا اور آج بھی پارٹی کے پورے خاندان کے ہمراہ چل کر آئے جس کیلئے شکر گزار ہوں۔ مزید برآں ق لیگ کے سربراہ چوہدری حسین کی قیادت میں چوہدری مونس الٰہی ،چوہدری راسخ الٰہی ،چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین پر مسلم لیگ (ق) کے وفد نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کرکے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن ر صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ہونے کے باعث اڈیالہ جیل میں قید کاٹ رہے ہیں۔نوازشریف کو ان کی اہلیہ کلثوم نوازکی رواں ماہ11 ستمبر کو لندن میں انتقال کے بعد نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کو پیرول پر5دنوں کیلئے رہائی ملی ہے۔